پانچ MPAs کے PTI چھوڑنے کے اعلان پر حکومتی صفوں میں کھلبلی


سینیٹ الیکشن سے چند ہفتے پہلے تحریک انصاف کے ناراض رکن پنجاب اسمبلی خرم سہیل خان لغاری کی جانب سے چار مزید اراکین اسمبلی سمیت پی ٹی آئی چھوڑنے کے اعلان نے حکومتی صفوں میں کھلبلی مچا دی ہے۔ خرم سہیل لغاری نے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کو چارج شیٹ کرتے ہوئے یہ اعلان کیا ہے کہ ان کے ساتھ تحریک انصاف چھوڑنے والے اراکین پنجاب اسمبلی میں مشیر اور وزیر بھی شامل ہیں، انکا کہنا تھا کہ میں بلو چ کا بچہ ہوں اور لشکر لے کر نکلوں گا۔ سہیل لغاری نے یہ اعلان بھی کیا کہ وہ سینیٹ الیکشن میں کسی امیدوار کو ووٹ نہیں دیں گے تاکہ بے وفائی کا تاثر نہ جائے۔
11 فروری کی رات مختلف ٹی وی چینلز پر ٹاک شوز میں گفتگو کرتے ہوئے خرم سہیل خان لغاری نے بتایا کہ تحریک انصاف یوتھ کا نام تھا، لیکن مجھے پی ٹی آئی نے ٹکٹ نہیں دی کیونکہ میں نوجوان تھا۔ پھر میں نے آزاد الیکشن لڑا ، 50ہزار ووٹ لیے اور 17ہزار ووٹوں سے الیکشن جیتا، اسکے بعد میں نے حکومتی اصرار پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میری تیسری نسل اسمبلی میں آرہی ہے، میرے دادا اور والد کے بعد اب میں اسمبلی میں آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومتی جھنڈے بھی باپ دادا کے زمانے میں دیکھ چکا ہوں، ہماری کوئی خواہش نہیں ہے۔
خرم سہیل لغاری نے وزیراعلی پنجاب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کابینہ میں میٹرک فیل وزراء بیٹھے ہوئے ہیں، کیا یہ لوگ پنجاب کی 11 کروڑ آبادی کو سنبھالیں گے؟ انہون نے کہا کہ ہم نوجوانوں کو دھرنوں کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، ووٹرز نکالنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، لیکن وقت آنے پر پیچھے پھینک دیا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ میرے ضلع مظفرگڑھ میں آج تک کوئی یونیورسٹی نہیں بنی، اور پنجاب پر ایسا وزیراعلیٰ بٹھا دیا گیا یے کہ جو دھرتی پر بھی بوجھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا حلقہ سب سے زیادہ پسماندہ ہے جسکے لیے چند کروڑ کے فنڈز دیے گے جبکہ تونسہ شریف کو 77 ارب روپے کے فنڈز دیے گئے، کیوں کہ یہ وزیراعلیٰ پنجاب کا حلقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں 181ممبران ہیں، ان سب کو آپ 10 ارب دیتے ہیں جبکہ 77 ارب روپے صرف ایک حلقے کو دے دیے جاتے ہیں۔
خرم لغاری نے کہا کہ میرے ساتھ کئی ساتھی اراکین اسمبلی نے پارٹی چھوڑنے کا حلف لیا ہے اور سینیٹ الیکشن سے قبل ہم سب لوگ پی ٹی آئی چھوڑ دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button