پاور سیکٹر اسکینڈل کے انکوائری کمیشن کا سربراہ ریٹائرڈ جج ہوگا

وفاقی حکومت نے پاور سیکٹر اسکینڈل کی تحقیقات کےلیے انکوائری کمیشن کا سربراہ ریٹائرڈ جج کو لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاور سیکٹر انکوائری کمیشن کے سربراہ کےلیے جسٹس ریٹائرڈ اعجاز افضل کے نام پرغور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور سیکٹر انکوائری کمیشن کو ٹی او آر بنا کر دیے جانے کا بھی امکان ہے۔ بتانا ہے کہ پاور سیکٹر انکوائری کمیشن کے سربراہ کی تعیناتی کا اعلان چند روز میں کیے جانے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاور سیکٹر کی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی تھی جس میں انکشاف کیا گیاتھا کہ پاور سیکٹر کے ذریعے قومی خزانے کو سالانہ 100 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا گیا۔
گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاور سیکٹر کی تحقیقاتی رپورٹ دیکھی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ ملک کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
