پاکستانی اورترک فنکاروں کا ٹرین حادثے پر اظہار افسوس

گھوٹکی کے قریب 2 مسافر ٹرینوں میں تصادم کے افسوسناک واقعہ پر پاکستانی اور ترک فنکاروں نے غم کا اظہار کیا ہے۔پیر کی علی الصبح گھوٹکی کے قریب ریتی اور ڈھرکی ریلوے اسٹیشنز کے درمیان کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس جب کہ راولپنڈی سے کراچی آنے والی سرسید ایکسپریس کے درمیان تصادم ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 62 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔صرف پاکستانی ہی نہیں بلکہ ترک فنکار بھی اس المناک حادثے پر غمزدہ ہیں اور معصوم جانوں کے نقصان پر انہوں نے بھی پاکستانیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ترک ڈراما سیریل ’’کورولوش عثمان‘‘ میں بالا خاتون کا مرکزی کردار ادا کرنے والی ترک اداکارہ اوزگے تورر نے اپنی انسٹااسٹوری پر اردو میں پیغام لکھتے ہوئے کہا ’’دوست اور برادر ملک پاکستان میں ٹرین کے حادثے کی خبر بڑے دکھ کے ساتھ سنی ہے۔ حادثے میں اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھونے والے اپنے بھائیوں کی اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور زخمی ہونے والے افراد کے لیےاللہ تعالیٰ سے فوری شفا کی دعا کرتے ہیں۔‘‘
