پاکستانی شوبز انڈسٹری کے کزن فنکار

شوبز کی چکا چوند دنیا میں ہر کسی کی اپنی الگ پہچان ہوتی ہے لیکن کچھ ستارے ایک دوسرے کی پہچان بن جاتے ہیں۔ فلم اور ڈرامہ انڈسٹری میں شوبز ستاروں کی رشتے داریوں سے اکثر لوگ واقفیت نہیں رکھتے۔ آج ہم آپ کو پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے وابستہ کچھ ایسی شخصیات سے روشناس کراتے ہیں جو آپس میں کزنز ہیں
احد رضا میر اور ہارون شاہد
احد رضا میر کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے ان کے والد آصف رضا میر بھی شوبز کی ایک مشہور شخصیت ہیں- مگر اس حوالے سے بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ فلم ورنہ کے ہیرو ، ڈرامہ خاص سے شہرت پانے والے گلوکار اور اداکار ہارون شاہد احد رضا میر کے فرسٹ کزن ہیں-

جگن کاظم اور علی خان
جگن کاظم اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنا یو ٹیوب چینل بھی چلا رہی ہیں- انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاونٹ سے گزشتہ دنوں عالے خان کے ساتھ ایک تصویر شئیر کرتے ہوئے لوگوں سے ان کی سپورٹ کےلیے درخواست کی- جس پر لوگوں کے دریافت کرنے پر انہوں نے بتایا کہ علی خان جگن کاظم کی فرسٹ کزن کے شوہر اور ان کےلیے بھائیوں کی طرح ہیں- اس اعتبار سے علی خان جگن کاظم کے رشتے میں بہنوئی ہوئے-

آغا علی اور علی عظمت
آغا علی جو کہ ماضی کے اداکار آغا سکندر کے بیٹے ہیں اداکاری اور گلوکاری دونوں ہی میدانوں میں طبع آزمائی کرتے نظر آتے ہیں- ان کے حوالے سے بہت کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ وہ معروف راک اسٹار اور گلوکار علی عظمت کے کزن ہیں اگرچہ یہ لوگ آپس میں زیادہ ملنا جلنا نہیں کرتے ہیں-

یاسر اختر اور مہرین جبار
نوے کی دہائی کے نوجوانوں کے پسندیدہ گلوکار یاسر اختر اور اسی دور کی مشہور ڈائریکٹر مہرین جبار آپس میں نہ صرف فرسٹ کزن تھے بلکہ انہوں نے اپنے بچپن کا بہت وقت ایک دوسرے کے ساتھ بھی گزارا-

اشنا شاہ اور فائزہ گیلانی
اشنا شاہ کے حوالے سے یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کہ ارسہ غزل ان کی سوتیلی بہن ہیں مگر بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ فائزہ گیلانی ان کی فرسٹ کزن ہیں جس کو وہ اپنی بہنوں سے بھی زیادہ عزیز رکھتی ہیں اور اس بات کا اظہار اشنا شاہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بھی کیا ہے۔

ثناﺀ فخر اور نور بخاری
ثناﺀ فخر اور نور بخاری دونوں کا ہی نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے اور دونوں نے ہی ایک طویل عرصے تک بڑی اسکرین پر اپنی صلاحیتوں کے جلوے دکھائے ہیں- یہ دونوں اداکارائیں ایک دوسرے کی فرسٹ کزن ہیں مگر ایک دوسرے کے ساتھ مسابقت کے سبب ان کے باہمی تعلقات کبھی بھی اچھے نہیں رہے-

سنیتا مارشل اور بنیتا ڈیوڈ
شوبز سے منسلک یہ دونوں اداکارائیں اور ماڈل ایک دوسرے کی فرسٹ کزن ہیں مگر اس حوالے سے بہت کم لوگ واقف ہیں

سونیا جہاں اور احمد علی بٹ
اگرچہ یہ دونوں اداکار ایک دوسرے کے ساتھ نظر نہیں آتے ہیں مگر یہ دونوں اداکار ملکہ ترنم نور جہاں کے نواسہ نواسی ہیں اس حوالے سے یہ دونوں ایک دوسرے کے فرسٹ کزن ہوئے۔

