پاکستانی شوبز فنکار جو بچوں کو دین بھی سکھاتے ہیں

بچے اکثر اپنے والدین کے نقش قدم پر ہی چلتے ہیں خصوصاً اچھی عادات اپنانے کے حوالے سے۔ شوبز سے وابستہ سلیبرٹیز کے بارے میں عام خیال کیا جاتا ہے کہ ان میں دنیا داری کافی زیادہ ہوتی ہے، تاہم یہ ضروری نہیں کہ جو لوگ بظاہر دنیا دار نظر آتے ہوں ان میں دین داری نہ ہو، آج ہم آپ کو کچھ ایسے شوبز فنکاروں کے بارے میں بتائیں گے جو اپنی اولاد کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی بھرپور طریقے سے دلوا رہے ہیں۔
فضا علی پاکستانی شوبز کا ایک معروف نام ہیں، ان کی بیٹی فرال ابھی محض پانچ سال کی ہے لیکن اسے بہت ساری قرآنی آیات یاد ہیں اور فضا اسے ابھی سے نماز بھی پڑھواتی ہیں، ننھی فرال فطرتاً ایک معصوم اور نیک بچی ہے جو اپنی ماں کی ہر بات مانتی ہے۔
احسن خان جب اپنے بچوں کے ساتھ ہوتے ہیں تو پھر وہ کسی دوسری سرگرمی میں حصہ نہیں لیتے، وہ بہت غور سے اپنے بچوں کی ہر بات کو سنتے ہیں اور غصہ بالکل بھی نہیں کرتے، ان کا ماننا ہے کہ وہ اپنے عمل سے بچوں کو دین کی تعلیم دیتے ہیں، آج کل کیوں کہ وہ مسلسل گھر پر ہی ہیں تو چوں کو اسلامی کہانیاں سناتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ وہ ان کہانیوں پر عمل بھی کریں۔
اداکار افضل خان ریمبو اور صاحبہ کے دو بیٹے ہیں۔ ان کے ایک بیٹے نے قرآن حفظ کیا ہے، دونوں نے اپنے گھر کے ماحول میں دینی تعلیم پر ہمیشہ زور دیا ہے اور دنیاداری کے ماحول کو گھر کی دہلیز سے دور ہی رکھاہے۔ انہوں نے اپنے بچوں کی تربیت اس انداز میں کی کہ ان کی آخرت بھی سنور جائے، ریمبو فخر کرتے ہیں کہ صاحبہ نے مکمل طور پر گھر اور بچوں کو بھرپور وقت دیا اور یہ دونوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔
اداکار سعود اور جویریہ بھی اپنے بچوں کو نہ صرف نعتیں سکھاتے ہیں بلکہ عمرہ اور حج پر بھی لے کر جاتے ہیں، انہیں دینی تعلیمات سے روشناس کرواتے ہیں۔ ان کی یہ کوششیں کچھ اس طرح کامیاب ہیں کہ دونوں کے بچوں میں ان کی اس تربیت کی جھلک بھی نظر آتی ہے، حال ہی میں ایک رمضان ٹرانسمیشن میں پوری فیملی نے قصیدہ بردہ شریف پڑھا تو لوگوں کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔
