پاکستانی کوہ پیما دنیا کی آٹھویں بڑی چوٹی ازسر نو سر کرنے کو تیار
پاکستان کے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف نیپال میں واقع 8163 میٹر بلند اور دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مناسلو کو از سر نو سر کرنے کیلئے تیار ہیں۔پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف اور سرباز علی نے 2021 میں ماؤنٹ مناسلو کو سر کرلیا تھا تاہم ان کے سمٹ کے بعد انکشاف ہوا تھا کہ پہاڑی کا بلند ترین پوائنٹ وہ نہیں جہاں اب تک ہر کوہ پیما جا رہا تھا بلکہ اس سے دس میٹر آگے ہے۔
دوسری جانب پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی بھی آٹھ ہزار میٹر سے بلند اپنی نویں چوٹی سر کرنے کیلئے مناسلو پہنچ چکی ہیں۔نائلہ کیانی آٹھ ہزار میٹر سے بلند آٹھ چوٹیاں سر کرنے والی واحد پاکستانی خاتون ہیں اور وہ مناسلو سر کرنے کے بعد ایسا کرنے والی بھی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن جائیں گی۔
نائلہ کیانی اب تک ماؤنٹ ایوریسٹ، کے ٹو، نانگا پربت، گیشر برم ون، گیشر برم ٹو، اناپورنا، لوٹسے اور براڈ پیک سر کرچکی ہیں۔تینوں پاکستانی کوہ پیما پیر کو اپنی حتمی مہم کا آغاز کریں گے اور یہ تینوں 20 ستمبر تک مناسلو کے ٹاپ پر پہنچنے کا ہدف رکھتے ہیں