پاکستان آرڈنینس فیکٹری میں دھماکہ، 3 ملازم جاں بحق

پاکستان آرڈیننس فیکٹری پی اوایف کے ایک پلانٹ میں ہونے والے حادثاتی دھماکے کے نتیجے میں 3 ملازم جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کینٹ کے ایک پلانٹ میں زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 ملازمین جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سےجاری بیان کے مطابق ‘پی او ایف واہ کے ایک پلانٹ میں حادثاتی دھماکا فنی خرابی کی وجہ سے ہوا’۔بیان میں کہا گیا کہ ‘دھماکے سے 3 ملازمین جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے’۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ‘زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور جائے وقوع کو کلیئر کردیا گیا ہے’۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ‘پی او ایف کی ٹیکنیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے صورت حال پر قابو پالیا ہے’۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق واہ کینٹ کے علاقے لالہ رخ کے قریب ہونے والے دھماکے سے قریبی گھروں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور شہری خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ دھماکے سے اب تک 3 افراد جاں بحق اور دیگر 7 زخمی ہوئے اور پاک فوج کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو، فائربریگیڈ اور سیکیورٹی اداروں کی گاڑیاں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ذرائع کا کہنا تھا کہ دھماکا واہ کینٹ فیکٹری کے اندر ایکسپلوزیو سیکشن میں ہوا ہے۔
دھماکے کے بعد راولپنڈی سے واہ فیکٹری کو جانے والے تمام راستے سیل کردیے گئے ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز ملک کا سب سے بڑا صنعتی کمپلیکس ہے اور وزارت دفاعی پیداوار کے تحت کام کرتا ہے جہاں جنگی ہتھیار اور اسلحہ تیار ہوتا ہے۔پی او ایف بورڈ کا ہیڈکورٹرز بھی واہ کینٹ میں ہے۔

Back to top button