پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی، مارکیٹ کریش کر گئی

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے ہفتے کا آغاز ہی شدید مندی سے ہوا اور 100 انڈیکس میں ریکارڈ اتار چڑھاؤ نے سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈبودیے۔سرمایہ کاروں کو 184 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا.
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر پہلے چند منٹ کے دوران ہی انڈیکس 5 اعشاریہ 83 فیصد کم ہوا اور مجموعی طور پر 100 انڈیکس میں 2106 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بعد 100 انڈیکس 36112 پوائنٹس پر آیا تو حصص کی خرید و فروخت 45 منٹ کے لیے روک دی گئی۔
جب وقفے کے بعد دوبارہ لین دین کا آغاز ہوا تو پھر بھی مندی کا رجحان جاری رہا اور انڈیکس 6 فیصد کمی کے بعد 2375 پوائنٹس کم ہو گیا۔
کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ کا سلسہ جاری رہا تاہم دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 1160 پوائنٹس کمی سے 37058 پوائنٹس پربند ہوا اور بازار میں 30 کروڑ شیئرز کے سودے 11.48 ارب روپے میں طے ہوئے۔ 100 انڈیکس میں 3 فیصد کمی سے سرمایہ کاروں کو 184 ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 184 ارب روپے کم ہوکر 6972 ارب روپے ہوگئی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں کمی کے عالمی معیشت پر منفی اثرات سامنے آ رہے ہیں۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 25 فیصد تک کم ہو گئی ہے اور ٹوکیو اسٹاک میں 5 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ امریکا، آسٹریلیا، ہانگ کانگ اور شنگھائی اسٹاکس بھی بیٹھ گئیں۔
ادھر مارکیٹ کی صورت حال پر تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں میں کمی آئی۔
کاروباری سرگرمی روکنے سے متعلق تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر کے ایس ای 30 انڈیکس 4 فیصد یا اس سے زیادہ گرتا ہے تو 45 منٹ کےلیے ٹریڈبنگ روک دی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی کا رجحان دیکھا گیا تھا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار 313 پوائنٹس (3.34 فیصد) اضافہ ہوا تھا۔
گزشتہ ہفتے مثبت رجحان کے بعد انڈیکس 39 ہزار 296 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا اور کاروبار کے دوران انڈیکس کی کم ترین سطح 37 ہزار 984 اور بلند ترین سطح 39 ہزار 362 پوائنٹس رہی تھی۔
ادھر ایشیائی اسٹاک مارکیٹس شدید مندی کا شکار رہیں، جاپان اسٹاک مارکیٹ میں 7فیصد، چینی اسٹاک مارکیٹ میں 3فیصد،ہانگ کانگ ساڑھے تین فیصد، جنوبی کوریا 4فیصد، بھارت 3فیصد،سنگاپور اسٹاک مارکیٹ میں 4فیصد، تھائی لینڈ اسٹاک مارکیٹ میں 6فیصد اور بنگلہ دیش میں 2.2فیصد کمی ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button