پاکستان اور آئی ایم ایف کے مابین قرض پروگرام کیلئے مذاکرات شروع

پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ 3 سالہ نئے قرض پروگرام کے لیے باضابطہ مذاکرات شروع کردیے۔
ماہانہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ 3 سالہ نئے قرض پروگرام کیلئے باقاعدہ مذاکرات شروع کردیے ہیں، آئی ایم ایف قرض پروگرام مستحکم پالیسی کے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ قرض پروگرام سے بیرونی سیکٹر مستحکم ہوگا اور پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھے گی۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال ترسیلات زر، برآمدات، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری، زرمبادلہ کے ذخائر، ایف بی آر محصولات اور نان ٹیکس آمدنی میں اضافہ ہوا ہے، 10 ماہ میں ایف بی آر محصولات میں 30.6 فیصد کا اضافہ ہوا اور رواں مالی سال نان ٹیکس آمدنی میں 94.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا جب کہ رواں مالی سال روپےکی قدر میں بہتری آئی اور مہنگائی میں کمی ہوئی، مئی میں مہنگائی کی شرح 13.5 سے 14.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 3.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 10.6 فیصد اضافہ ہوا اور رواں مالی سال درآمدات میں 5.3 فیصد کی کمی ہوئی۔
