پاکستان شوبز انڈسٹری میں طوفان بدتمیزی عروج پر

اداکارہ ثنا جاوید پر بدتمیزی کا ٹیگ کیا لگا پوری شوبز انڈسٹری میں ہی طوفان بدتمیزی بپا ہو چکا ہے، آئے روز نت نئی شخصیات کو بدتمیزوں کی لسٹ میں ڈالا جا رہا ہے، اب ماڈؒل اور اداکار آمنہ ملک نے بھی کئی شوبز شخصیات، ہدایت کاروں اور پروڈکشن ہاؤسز کا نام لیے بغیر ان پر الزامات کی بارش کر دی اور انہیں بدتمیز قرار دے دیا ہے۔ آمنہ ملک نے اپنی 10 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں شوبز اںڈسٹری میں جونیئر آرٹسٹس کے ساتھ کیے جانے والے ناروا سلوک کا ذمہ دار پروڈکشن ہاؤسز کے۔مالکان اور ہدایت کاروں کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ لوگ ٹھیک ہو جائیں تو سب معاملات ٹھیک ہوجائیں گے۔اداکارہ نے اپنی ویڈیو میں کسی بھی اداکارہ، اداکار، ہدایت کار یا پروڈیوسر کا نام لیے بغیر کہا کہ ہماری شوبز انڈسٹری میں صرف ثنا جاوید ہی نہیں بلکہ کئی اور اداکارائیں بھی ان جیسی ’بد تمیز‘ ہیں۔
آمنہ ملک نے کہا کہ آج ثنا جاوید کہتی ہیں کہ اپنے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلتی دیکھ کر انہیں بہت صدمہ پہنچا ہے لیکن وہ شاید بھول گئی ہیں کہ ان کے رویے کی وجہ سے کتنے لوگوں کو صدمے پہنچے ہوں گے؟ آمنہ کے مطابق ثنا جاوید کے کہنے پر ماضی میں ہدایت کار اور پروڈکشن ہاؤسز لوگوں کو کام سے نکالتے رہے، تب انہیں کوئی صدمہ نہیں ہوا تھا لیکن اب انہیں صدمہ پہنچ رہا ہے، اپنی ویڈیو میں انہوں نے شوبز انڈسٹری میں نئے آرٹسٹس یا پھر معاون کردار ادا کرنے والوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ناروا سلوک پر بھی بات کی اور کہا کہ مرکزی کردار ادا کرنے والوں کو شوٹنگ کے دوران الگ کمرے دیئے جاتے ہیں اور انہیں معاوضہ بھی زیادہ دیا جاتا ہے۔
آمنہ ملک نے دلیل دی کہ مرکزی اداکار کی طرح معاون اداکار بھی شوٹنگ کے لیے پورا وقت دیتے ہیں اور وہ بھی اتنی ہی محنت کرتے ہیں مگر انہیں کم اہمیت دی جاتی ہے، آمنہ ملک نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے سامنے ایک معروف اداکارہ نے دوسری اداکارہ کو ’چوڑی‘ بولا مگر کسی نے اس اداکارہ کو کچھ نہیں کہا۔ اس موقع پر جونیئر اداکارہ سیٹ پر رو پڑیں لیکن اسکے باوجود کسی نے اس کے لیے آواز بلند نہیں کی۔ اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ وہ جن اداکاراؤں کی بات کر رہی ہیں، وہ سمجھ چکی ہوں گی کہ وہ کن کی بات کر رہی ہیں۔
انہوں نے ایک اور واقعہ بیان کیا کہ جب وہ ایک ٹی وی چینل پر مارننگ شو کرتی تھیں تب قندیل بلوچ کو پروگرام میں بلایا مگر ایک دوسری اداکارہ نے ان کے ساتھ پروگرام میں بیٹھنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ان کی انڈسٹری میں ساکھ ہے، وہ قندیل بلوچ کے ساتھ نہیں بیٹھیں گی۔ آمنہ ملک نے بتایا کہ منافقت کی انتہا یہ تھی کہ اُسی اداکارہ نے قندیل بلوچ کے قتل کے بعد ان کے لیے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے احتجاج کیا تا کہ سستی شہرت حاصل کی جا سکے۔ آمنہ ملک نے کہا کہ جب قندیل بلوچ زندہ تھیں تو کوئی ہدایت کار اور پرڈکشن ہاؤس ان کے ساتھ کام کرنےکو تیار نہیں تھا مگر جب وہ قتل کر دی گئیں تو ان کی زندگی پر ڈراما بنایا گیا، انکا کہنا تھا کہ ہماری شوبز انڈسٹری میں جو لوگ بھارت میں کام کر کے آتے ہیں، ان کے بہت زیادہ نخرے برداشت کیے جاتے ہیں اور انہیں ایسی عزت دی جاتی ہے کہ نعوذ باللہ جیسے وہ کسی خدا کے گھر سے آئی ہوں۔
