پاکستان میں واٹس ایپ پر سائبر حملے، صارفین کیسے بچیں؟

اسلام آباد : پاکستان میں حالیہ دنوں میں واٹس ایپ صارفین کے اکاؤنٹس پر متعدد سائبر حملوں کی شکایات سامنے آئی ہیں۔پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے ان حملوں کی شکایات کی تصدیق کی ہے۔پی ٹی اے کے ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ چند دنوں میں واٹس ایپ صارفین کی جانب سے اکاؤنٹ ہیک ہونے کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر پاکستان نے واٹس ایپ انتظامیہ سے رابطہ کیا ہے۔
ترجمان پی ٹی اے خرم علی مہران نے بتایا کہ واٹس ایپ ہیک ہونے کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو بھی شکایات ارسال کی گئی ہیں۔پی ٹی اے حکام کے مطابق سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس ہیک ہونے سے بچنے کے لیے پی ٹی اے نے آگاہی مہم بھی شروع کی ہے جس میں صارفین کو ڈیٹا محفوظ کرنے اور کسی سے بھی واٹس ایپ رجسٹریشن کا پن کوڈ نہ دینے کے حوالے سے آگاہ کیا جاتا ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ حکام نے بتایا کہ گذشتہ ایک ماہ میں 40 سے زائد صارفین کی جانب سے واٹس ایپ ہیک ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر پاکستان الیکٹرانک کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ’کچھ صارفین کی جانب سے واٹس ایپ ہیک ہونے کے بعد ڈیٹا چوری ہونے سے متعلق بھی شکایات ملی ہیں جبکہ مالی دھوکہ دہی کے حوالے سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ‘ابتدائی طور پر یہ نہیں بتایا جا سکتا کہ حال میں ہونے والے سائبر حملہ آور مقامی ہیں یا ان کا تعلق کسی بین الاقوامی گروہ سے ہے تاہم عام صارفین اور کچھ اہم شخصیات کی جانب سے بھی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
