پاکستان میں پولیو کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے

قومی ادارہ صحت کے مطابق بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پولیو کے تین نئے سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد رواں سال رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 21 ہوگئی۔
قومی ادارہ صحت کے حکام سے بتایا کہ بلوچستان میں 7 ماہ کے بچے میں پولیو کی تصدیق ہوئی ہے۔ بچے کا تعلق ایک غریب خاندان سے ہے، بچےکو پولیو ویکسین کی کوئی خوراک نہیں دی گئی کیوں کہ اس کے والدین ویکسی نیشن کے حق میں نہیں تھے۔خیبر پختونخوا میں 32 ماہ کی بچی میں بھی پولیو کی تصدیق ہوئی۔ جب کہ پنجاب میں ضلع ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والا 8 ماہ کا بچہ بھی پولیو کا شکار ہوا۔
خیال رہے کہ پولیو ایک انتہائی معتدی مرض ہے جو زیادہ تر 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو اپنا شکار بناتا ہے، یہ اعصابی نظام پر اثر انداز ہو کر معذوری بلکہ موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ پولیو کا اب تک کوئی علاج دریافت نہیں ہوا البتہ ویکسی نیشن بچوں کو اس بیماری سے محفوظ رکھنے کا سب سے موثر طریقہ ہے۔
ہر مرتبہ جب ایک بچے کو پولیو کے قطرے پلائے جاتے ہیں تو وائرس سے اس کی حفاظت میں اضافہ ہوجاتا ہے۔
