پاکستان میں پہلا روزہ 3 اپریل کو اور عید 2 مئی کو؟
رمضان المبارک کے مقدس مہینے کا آئندہ چند روز میں آغاز ہورہا ہے اور ہر جانب سے یہی سوال کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں پہلا روزہ کس تاریخ کو ہوگا اور عید کب آئے گی؟ محکمہ موسمیات کے حساب کتاب سے چلا جائے تو پاکستان میں پہلا روزہ 3 اپریل کو ہو سکتا ہے اور عید 2 مئی کو ہو سکتی ہے۔
رمضان کا آغاز رویت ہلال سے ہونا ہے اور پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 2 اپریل کو ہوگا۔ اگر چاند نظر آ گیا تو پہلا روزہ 3 اپریل ورنہ 4 اپریل کو ہوگا تاہم اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی پیشگوئی سامنے آچکی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان کے نئے چاند کی پیدائش یکم اپریل کو ہوگی۔ بتایا گیا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ 2 اپریل یعنی 29 شعبان کو رمضان المبارک کا چاند نطر آجائے۔ یعنی رمضان المبارک کا آغاز 3 اپریل کو ہونے کا امکان زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 2 اپریل کو ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف/جزوی ابر آلود ہوگا۔ خیال رہے کہ چاند کو دیکھنے کا انحصار مختلف عناصر جیسا ماحولیاتی کنڈیشن، مطلع صاف ہونے اور دیگر پر ہوتا ہے۔ رواں سال رمضان المبارک گزشتہ 2 برسوں کے مقابلے میں کافی مختلف ہونے کا امکان ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ اس بار کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے عائد کی جانے والی بیشتر پابندیوں کا سامنا نہیں ہوگا۔ سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک میں رمضان المبارک کا آغاز 2 اپریل کو ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین کے۔مطابق فلکیات کے مطالعے سے یہ بات کہی جا سکتی ہے کہ اس برس رمضان المبارک 30 دن کا ہوگا، جب کہ عید الفطر کا چاند یکم مئی کی شام کو دکھائی دے گا جس کے حساب سے عید الفطر 2 مئی کو ہوگی۔
