پاکستان میں کورونا کے کیسز میں اضافہ

حکام کے مطابق ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 727 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ 21 اموات ہوئی ہیں۔
جمعرات کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو روز سے کورونا کے نئے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تقریباً 15 ہزار افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر تعداد دو لاکھ 58 ہزار 872 ٹیسٹ ہو چکے ہیں۔ ایک دن میں مزید 21 مریض کورونا وائرس کے باعث فوت ہو گئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں مرنے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 6 ہزار 35 ہوگئی ہے۔
ملک میں اب تک دو لاکھ 56 ہزارسے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ ایکٹیو کیسز کی تعداد کم ہو کر 19 ہزار 770 رہ گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 809 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
پاکستان میں اب تک 2 لاکھ 81 ہزار 862 افراد کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں، جن میں سے 2 لاکھ 56 ہزار 58 صحت یاب ہوئے ہیں جب کہ 6 ہزار 35 اموات ہوئی ہیں۔
پاکستان میں کورونا سے زیادہ اموات صوبہ سندھ میں رپورٹ ہوئیں جہاں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک دو ہزار 245 اموات ہوئیں۔ پنجاب میں اموات کی تعداد دو ہزار 162 رہی جب کہ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 215 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 167 جب کہ بلوچستان میں 136 اموات رپورٹ ہوئیں۔
گلگت بلتستان میں 55 اور آزاد کشمیر میں بھی 55 مریض عالمی وبا کا شکار ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے۔
ملک بھر کے 735 اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کےلیے علاج کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کےلیے ایک ہزار 859 وینٹی لیٹرز مختص کیے گئے ہیں۔
