پاکستان کوکورونا سےزیادہ خطرہ نہیں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے موقف کے برعکس کہا ہے کہ انسانی جانوں کو بچانے کےلیے لاک ڈاؤن ضروری ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا اور یورپی ممالک میں کوروناکی صورت حال زیادہ خراب ہے لیکن پاکستان کوکورونا سےزیادہ خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متعلق ہر ملک کے اپنے حالات ہیں، ہر ملک کو اپنے حالات کے مطابق کورونا سے متعلق حکمت عملی طے کرنی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کو بچانے کےلیے لاک ڈاؤن ضروری ہے اور وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے سماجی فاصلہ بھی ضروری ہے لیکن اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو برقرار رکھنا بھی ضروری ہے، اس لیے صورتحال کا جائزہ لےکرحکمت عملی بنانی ہوگی۔
ملک میں کورونا وائرس ٹیسٹ سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھا رہا ہے جو فائدے مند ثابت ہوگا۔
بھارت میں لاک ڈاؤن سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت میں سوچے سمجھے بغیر 21 دن کا لاک ڈاون کیا گیا، اب بھارتی حکومت لوگوں سے معافی مانگ رہی ہے، وہاں نقل مکانی کی سنگین صورت حال پیدا ہوئی ہے اور اسٹاک مارکیٹ بھی بیٹھ گئی۔
وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ ترقی پذیر ممالک کی معاشی حالت ایسی نہیں کہ کورونا سے پیدا صورت حال کو برداشت کر سکیں اس لیے قرضوں کو ری شیڈول کیا جائے، اس کی تجویز جی 20 اجلاس میں پیش کی گئی جس پر اقوام متحدہ نے بھی اتفاق کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button