شان مسعود: انگلینڈ میں 24 برس بعد سنچری کرنے والے پاکستانی اوپنر

قومی کرکٹ ٹیم کووڈ-19 کے باعث طویل لاک ڈاؤن کے بعد انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے برطانیہ پہنچی تو کرکٹ حلقوں نے کھیل کی رونقیں بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور معیاری کھیل کے لیے توقعات وابستہ کیں۔
قومی ٹیم نے انگلینڈ میں ایک ماہ سے زائد قیام کیا اور پہلے ٹیسٹ کے لیے 5 اگست کو میدان میں اتری تو پہلے دن محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا جبکہ کپتان اظہر علی اور اوپنر عابد علی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، لیکن دوسرے روز اوپنر شان مسعود وکٹ پر ڈٹ گئے اور اس نقصان کا ازالہ کیا۔بابر اعظم نے شان مسعود کے ساتھ اسکور کو 139 رنز تک پہنچایا اور 69 رنز کی خوب صورت اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو ذمہ داری شان مسعود نے سنبھالی اور عمدگی سے نبھاتے ہوئے اسد شفیق اور محمد رضوان کے ساتھ شراکت کے دوران پہلے نصف سنچری مکمل کی۔
پاکستان کی 5 وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم دباؤ میں نظر آنے لگی لیکن شاداب خان نے شان مسعود کا بھرپور ساتھ دیا اور اسی دوران شان نے اپنی شاندار اور تاریخی سنچری مکمل کی۔شان مسعود 24 سال کے طویل عرصے بعد انگلینڈ میں پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والے اوپنر بن گئے۔اس سے قبل سابق عظیم بلے باز سعید انور نے 1996 میں اوول کے میدان میں سنچری بنائی تھی، جس کے بعد آج تک کوئی بھی پاکستانی اوپنر اس طرح کی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا تھا۔
Shan Masood is the first Pakistan opener in 24 years to score a century in England. Saeed Anwar (176) was the last Pakistani opener to score a century in England, Oval 1996. #ENGvPAK pic.twitter.com/mcz1qsWK1e
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 6, 2020
شان مسعود نے نہ صرف طویل عرصے بعد انگلینڈ میں سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ ٹیسٹ کیریئر میں مسلسل تیسری سنچری بنانے کا اعزاز بھی پایا جو پاکستان کے چند بلے بازوں کو ہی حاصل ہے۔اس سے قبل ظہیر عباس نے 83-1982، مدثر نذر نے 1983، محمد یوسف نے 2006، یونس خان نے 2014، مصباح الحق نے 2014 میں مسلسل تین سنچریاں بنائی تھیں۔
Three consecutive 100s in Tests for Pakistan
Zaheer Abbas in 1982-83
Mudassar Nazar in 1983@yousaf1788 in 2006@YounusK75 in 2014@captainmisbahpk in 2014@shani_official in 2019-20#ENGvPAK pic.twitter.com/cHGsvKsENE— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) August 6, 2020
خیال رہے کہ 2014 میں مسلسل سنچریاں بنانے والے سابق کپتان مصباح الحق اس وقت قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور یونس خان بیٹنگ کوچ ہیں۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پاکستان: اظہر علی(کپتان)، شان مسعود، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ۔
انگلینڈ: جو روٹ(کپتان)، ڈوم سبلی، رورے برنز، بین اسٹوکس، اولی پوپ، جوز بٹلر، کرس ووکس، ڈوم بیس، اسٹورٹ براڈ، جوفرا آرچر اور جیمز اینڈرسن۔
