پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز، پاکستان کا 31 رکنی دستہ انگلینڈ روانہ

پاکستانی ٹیم کا 31 رکنی دستہ انگلینڈ روانہ ہوگیا۔
پاکستانی ٹیم میں 20 کھلاڑی اور 11 کوچنگ سپورٹ اسٹاف ارکان شامل ہیں جن کو نجی ہوٹل کے بائیو سکیور ماحول میں رکھا گیا تھا۔ وہاں سے کھلاڑی تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ گاڑیوں میں بیٹھ کر علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچے جہاں سے کچھ دیر بعد انہیں خصوصی طیارے میں بٹھایا گیا۔
پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی اور ان کی اہلیہ بھی ٹیم کے ساتھ سفر کررہی ہیں۔ ان دونوں کا کرونا ٹیسٹ بھی منفی آیا تھا۔ پاکستانی کھلاڑیوں کا انگلینڈ پہنچنے پرکرونا ٹیسٹ ہوگا اور تمام لوگ چودہ روز تک ووسٹر میں قرنطینہ میں رہیں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹیسٹ پانچ اگست سے ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔بولنگ کوچ وقاریونس سڈنی سے انگلینڈ پہنچ کر ٹیم کو جوائن کریں گے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان ابھی ہونا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ اور تین ہی ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریزکیلئےاڑان بھرنے والوں میں اظہر علی، بابراعظم، عابدعلی، اسد شفیق، فہیم اشرف، فواد عالم، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عباس، موسیٰ خان، نسیم شاہ، روحیل نذیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، سہیل خان، عثمان شنواری اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق سمیت گیارہ رکنی آفیشلز کا بھی سفر شروع ہو گیا۔
مانچسٹر پہنچنے کے بعد قومی اسکواڈ وورسٹرشائر روانہ ہوگا جہاں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام کھلاڑیوں کی ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ اس دوران قومی اسکواڈ 14 روز تک قرنطینہ میں گزاریں گے تاہم یہاں انہیں پریکٹس اور ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔
دوبارہ ٹیسٹنگ میں محمد حفیظ سمیت چھ کھلاڑیوں کی رپورٹ نیگٹیو آ گئی ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا تھا کہ دوسراکورونا ٹیسٹ منفی آنے والے کھلاڑیوں میں حسنین ،شاداب، فخر زمان، محمد رضوان ،وہاب ریاض اور محمد حفیظ شامل ہیں، ان 6 کھلاڑیوں کا پہلا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جب کہ کاشف بھٹی، حارث رؤف، حیدر علی اور عمران خان کا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے بتایا کہ دوسرے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کے باوجود یہ 6 کھلاڑی انگلینڈ نہیں جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button