پاک فوج کیخلاف مہم،178 اکائونٹس پرPTIکا جھنڈا یا نشان موجود

سیلاب کے دوران بلوجستان کے ضلع لسبیلہ میں امدادی سرگرمیوں کے دوران پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کوپیش آنے والےحادثے کے بعد سوشل میڈیا پرشہدا کے خلاف مہم کی تحقیقات میں پیشرفت سامنے آئی ہے۔
جیو نیوز نے ایف آئی اے کی دستاویز کے حوالے سے بتایا کہ پاک فوج کے شہدا کے خلاف مہم پر ایف آئی اے کی تحقیقات حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں اور کُل 580 اکاؤنٹس کی چھان بین کی گئی، 178 اکاؤنٹس پر پی ٹی آئی کا جھنڈا یا نشان پائے گئے۔
دستاویز نے بتایا کہ 18 بھارتی اکاؤنٹس بھی شہدا کے خلاف مہم میں شامل تھے، شناخت شدہ اکاؤنٹس کی تعداد 168 اور جعلی اکاؤنٹس کی تعداد238 ہے۔
دستاویز کے مطابق 123 اکاؤنٹس کی شناخت نادرا کے سپرد کردی گئی ہے، 33 اکاؤنٹس دوسرے ممالک سے چلائے جارہے تھے،ایف آئی اے نے پاک فوج کےخلاف مہم چلانے والے 234 اکاؤنٹس کو شناخت کیا، گوجرانوالا میں 12 انکوائریز میں سے 6 مقدمات درج اور 5 افراد گرفتارہوئے۔
ایف آئی اے کی دستاویز ات کے مطابق فیصل آباد کی 7انکوائریز میں 4مقدمات درج اور 4افراد گرفتار ہوئے جبکہ لاہور کی 7 انکوائریز میں 2 مقدمات درج اور 2افراد گرفتار ہوئے اور4نوٹس جاری کیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لسبیلہ میں پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا، کئی گھنٹوں کی تلاش کے بعد ہیلی کاپٹرکا ملبہ موسیٰ گوٹھ سے ملا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر کو حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا جس کے باعث ہیلی کاپٹر میں سوار کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی اور ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد سمیت 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔
آرمی ایویشن کے ہیلی کاپٹر پیش آنے والے حادثےکے بعد سوشل میڈیا پر اس حوالے سے منفی مہم چلائی گئی تھی جس کی پاک فوج نے شدید مذمت کی تھی جبکہ حکومت نے منفی سوشل میڈیا مہم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا اور ایف آئی اے اور آئی ایس آئی کے افسران پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی جو واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
