پرائیوٹ اسکولز کا 15 ستمبر سے اسکول کھولنے کا حکومتی اعلان مسترد

حکومت کی جانب سے 15 ستمبر سے اسکول کھولنے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے صدر آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ حکومت 15 اگست سے ملک بھر کے اسکولز کھولنےکا اعلان کرے، بصورت دیگر وہ خود تعلیمی ادارے کھول لیں گے۔ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں کو قانونی تحفظ قائم کرنے کے لئے سیل قائم کر دیا گیا ہے جب کہ اگر ہمیں اسکول کھولنے سے روکا گیا تو لانگ مارچ کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جس طرح حکومت نے ملک بھر میں ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے تمام چیزیں کھولی ہیں، اسی طرح اسکول بھی کھول دیئے جائیں، ملک بھر میں ساڑھے 7 کروڑ بچے اپنے آئینی حق سے محروم ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھرکے تعلیمی ادارے 15 ستمبر کو ہی کھولے جائیں گے۔
تاہم اس حوالے سے صوبائی وزیر تعلیم پنجاب کی جانب سے بھی بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اور نجی اسکول 15 ستمبر سے ہی کھلیں گے۔ مراد راس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی اسکولز 15 ستمبر سے کھلیں گے۔ اسکول کھولنے کا دارومدار کورونا وبا پر قابو پانے کی صورت میں ممکن ہے۔
اس حوالے سے کورونا ایس او پیز مکمل تیار ہیں۔کورونا ایس او پیز کے حوالے سے والدین کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔ مراد راس نے مزید کہا کہ پندرہ ستمبر سے قبل اسکول کھلنے کی تمام تر خبریں بے بنیاد ہیں۔ قبل ازیں پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے 15 اگست سے اسکول کھولنے کا اعلان کیا۔ پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن اور چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے حکومت سے فوری تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بندش سے کروڑوں طلبہ کا تعلیمی عمل رکا ہوا ہے۔ پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ حکومت 15 اگست سے تمام اسکول کھول دے اور اگر حکومت نے ایسا نہ کیا تو خود اسکول کھول دیں گے۔
