پرویز الٰہی نے تبلیغی جماعت کی محبت میں بزدار کارگڑانکال دیا

مرکز اور پنجاب میں تحریک انصاف حکومت کے کلیدی اتحادی مسلم لیگ ق کے صدر چودھری پرویزالٰہی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد پر پنجاب حکومت کی جانب سے کی جانے والی سختی کے خلاف پھٹ پڑے اور اپنے ہی وزیراعلی عثمان بزدار کا رگڑا نکال دیا۔ بولے عذاب الہی سے ڈرنا چاہیے۔ تبلیغی جماعت والے لاوارث نہیں ہیں، ان پرامن مبلغین پر ظلم و زیادتی کر کے حکمران اللہ کے عذاب کو دعوت دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور کے رائیونڈ مرکز میں تبلیغی جماعت کے حالیہ اجتماع سے سینکڑوں افراد کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد رائیونڈ مرکز کو سیل کردیا گیا ہے اور پورے علاقے کو لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مرکز میں موجود بائیس سو کے قریب تبلیغیوں کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے جس پر تبلیغی جماعت نے احتجاج کیا ہے۔
لہذا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ تبلیغی جماعت کے اراکین کے ساتھ کسی قسم کا ظلم و زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی،تبلیغی جماعت پرامن ضرور ہے لیکن لاوارث نہیں، ان پر ظلم اور زیادتی کرکے اللہ کے عذاب کو دعوت نہ دی جائے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تبلیغی جماعت دنیا بھر میں مسلمانوں کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت ہے اور پوری دنیا میں امن کی داعی ہے،اس کے احباب دنیا کے ہر خطے اور ملک میں امن کے سفیر کے طور پر پہچانے جاتے ہیں، یہ ایسی جماعت ہے جس کی تبلیغ سے کہیں اور کبھی بھی کوئی انتشار نہیں پھیلا۔ واضح رہے کہ چودھری پرویزالٰہی کے بڑے صاحبزادے راسخ الہی بھی تبلیغی جماعت سے وابستہ ہیں۔
حکومت پنجاب کی جانب سے پاکستان میں تحصیل رائیونڈ میں واقع تبلیغی جماعت کے سب سے بڑے مرکز کو سیل کر کے پورے علاقے کی تالا بندی کرنے کے اقدام کو چوہدری پرویز الہی نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا مؤقف ہے کہ ملک بھر میں تبلیغی جماعت کے خلاف منظم پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ جیسے کرونا وائرس پھیلانے میں سب سے اہم کردار تبلیغی جماعت کا ہی ہو۔ پرویز الہی نے تبلیغی جماعت کے اراکین کے ساتھ حکومت کی جانب سے سختی برتنے اور انہیں تبلیغی مراکز میں لاک ڈاؤن کرنے کو ناقابل قبول عمل قرار دیتے ہوئے پنجاب حکومت سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تبلیغی احباب کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی رابطہ کیا، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ہمارے مطالبے پر سندھ میں عمل ہو گیا اور اب وہاں تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد کے ساتھ بہتر سلوک کیا جارہا ہے لیکن پنجاب میں عمل نہیں ہو سکا۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کو آئی جی سندھ کا نوٹیفکیشن بھی بھجوایا ہے پھر بھی تبلیغی جماعت سے وابستہ افراد کی آسانیوں کے لیے پنجاب حکومت نے مناسب اقدامات نہیں اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ بند کیا جائے، میں سوال کرتا ہوں کہ کیا کورونا یورپ، امریکا اور اٹلی میں بھی تبلیغی جماعت کی وجہ سے پھیلا ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں پرویز الہی نے مطالبہ کیا کہ جو تبلیغی مہمان یہاں بیرون ممالک سے آئے ہیں، پنجاب پولیس ان سے کسی قسم کی زیادتی نہ کرے، اپنا رویہ ٹھیک کرے اور مہمانوں سے مجرموں کی طرح برتائو نہ کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جن احباب کو مسجدوں سے اٹھا کر تھانوں میں بند کیا گیا ہے ان کو فی الفور رہا کر کے مسجدوں یا تبلیغی مراکز میں شفٹ کیا جائے اور ان مساجد و مراکز کو قرنطینہ قرار دیا جائے اور وہاں ان کے لیے راشن اور سہولیات کا بندوبست کیا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button