پرویز الٰہی کیخلاف دوبارہ تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے

ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی رانا مشہود خان نے کہا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کیخلاف تحریک عدم اعتماد دوبارہ جمع کر ا دی ہے،پرویز الہٰی کے اوچھے ہتھکنڈے اب نہیں چلیں گے،توشہ خان کو بچانے کیلئے غیر آئینی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران انکا کہنا تھا کہ ہمیشہ پارلیمانی روایت رہی ہی پہلے بزنس ایڈوائزر ی کمیٹی کا اجلاس ہوتا ہے، نہیں ہوا یہ بد دیانتی ہے، پرویز الٰہی آئینی طور پر جواز کھو چکے ہیں، اسمبلی کے دروازے بند رکھے، آج ہم نے سپیکر پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی ہے۔
انہوں نے کہا سازشی عناصر چاہتے ہیں کہ پاکستان میں استحکام نہ آئے، 2 ماہ سے پنجاب میں مکروہ کھیل کھیلا جا رہا ہے، یہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں؟ ملک کو کیوں چلنے نہیں دے رہے، اب قانون اپنا راستہ لے گا، پنجاب دشمنی عیاں ہو گئی ہے، مکروہ دھندہ عروج پر ہے، پنجاب کابینہ بھی چند روز میں حلف اٹھائے گی، انشااللہ آئندہ چند روز میں گورنر پنجاب حلف اٹھائیں گے۔
لیگی ایم پی اے کا کہنا تھایہ چاہتے تھے کہ پنجاب معاشی طور پر دیوالیہ ہوجائے، عوام کو سستے آٹے اور چینی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے،ان کا پورا زور تھا کہ کسان کو اس کے خون پسنے کی کمائی نہ ملے اور دنگا فساد ہو، یہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، یہ روڑے اٹکاتے رہے۔
انہوں نے کہا ہم نے آٹے اور چینی کی قیمت کم کی، تم اپنی چالیں چلتے جاؤ اور میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کرتے جاؤ، ہم اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔
