پریانکا چوپڑا نے سوانح عمری میں ذاتی زندگی کے ’راز‘ بیان کردیے

سابق مس ورلڈ اور بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری ’ان فنشڈ‘ فروخت کےلیے پیش کردی گئی۔
پریانکا چوپڑا گزشتہ 5 سال سے ’ان فنشڈ‘ پر کام کر رہی تھیں اور گزشتہ برس اکتوبر کے آخر میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ انہوں نے کتاب لکھنے کا کام مکمل کرلیا۔ اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ انہوں نے سوانح عمری مکمل کرلی ہے اور اسے پڑھنے کے خواہش مند قبل از وقت اس کا آرڈر دے سکتے ہیں۔ خبریں تھیں کہ پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری جنوری 2021 میں شائع ہوگی تاہم بعد ازاں اسے 9 فروری کو فروخت کےلیے پیش کرنے کا اعلان کیا گیا تھا اور اب اسے فروخت کےلیے پیش کردیا گیا۔ پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری پر متعدد ویب سائٹس اور نشریاتی اداروں نے ابتدائی تبصرے شائع کیے ہیں، جن کے مطابق اداکارہ نے ’ان فنشڈ‘ میں ذاتی زندگی کے تمام واقعات، حالات اور رازوں کو شائقین کے سامنے بہادری سے بیان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے نے ’ان فنشڈ‘ کے تبصرے میں بتایا کہ پریانکا چوپڑا نے اپنی سوانح عمری میں بچپن سے لے کر معروف شخصیت بن جانے اور ایشیا چھوڑ کر امریکا منتقل ہونے کے واقعات کو بیان کیا ہے۔ اداکارہ نے بہادری سے دو براعظموں میں گزاری گئی زندگی کو احسن انداز میں بیان کیا ہے اور بتایا ہے کہ انہیں کس طرح ایشیائی ہونے کی وجہ سے امریکا میں نسلی و جنسی تعصب کا سامنا کرنا پڑا۔ تبصرے کے مطابق پریانکا چوپڑا نے کتاب میں والد کے انتقال کے بعد ذہنی اضطراب میں مبتلا ہوجانے کا بھی اعتراف کیا ہے اور ساتھ ہی یہ بھی بتایا ہے کہ اگر ان کے والدین انہیں خودمختاری نہ دیتے تو وہ آج مشہور شخصیت نہ ہوتیں۔ پریانکا چوپڑا نے کتاب میں بتایا کہ بچپن میں انہیں عالمی سطح کا انجینئر بننے کا شوق تھا تاہم ساتھ ہی انہیں انسانیت کی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی دلچسپی تھی مگر ایک فیصلے نے ان کی زندگی تبدیل کردی۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ 17 برس کی ہوئیں تو بھائی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ بھارت میں ہونے والے مقابلہ حسن میں حصہ لیں اور یوں ان کی خوبصورتی نے ان کی زندگی کا رخ موڑ دیا۔ سوانح عمری میں اداکارہ نے لکھا کہ سال 2000 میں مس ورلڈ بننے اور عالمی مقابلہ حسن میں بھارت کی نمائندگی کرنا ان کےلیے اعزاز کی بات تھی اور یہیں سے ان کی زندگی کا نیا دور شروع ہوا۔ کتاب میں انہوں نے اس بات کا اعتراف بھی کیا ہے کہ نوعمری میں وہ خوبصورتی بڑھانے کےلیے فیئرنیس کریموں سمیت دیگر طریقوں کو بھی آزماتی رہیں۔ پریانکا چوپڑا نے اپنی سوانح عمری میں اپنی گہری رنگت اور ایشیائی ہونے کی وجہ سے امریکا میں پیش آنے والی مشکلات کا بھی ذکر کیا ہے اور بتایا ہے کہ جب انہیں پہلی بار امریکا میں شوبز منصوبے ملے تو انہیں نسلی تعصب کا نشانہ بنایا گیا۔ ’ان فنشڈ‘ میں پریانکا چوپڑا نے امریکی گلوکار نک جونس سے محبت استوار ہونے اور شادی سے متعلق بھی کہانی بیان کی ہے۔ سوانح عمری میں پریانکا چوپڑا نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی دوستی جب امریکی مڈویسٹ خطے (مڈویسٹ خطہ ریاست الینوائے، انڈیانا، مینیسوٹا، میسوری، شمالی و جنوبی ڈکوٹا سمیت 12 ریاستوں پر مشتمل ہے) کی مقابلہ حسن جیتنے والی لڑکیوں سے ہوئی تو انہیں گہری رنگت کو سمجھنے میں آسانی ملی۔ انہوں نے لکھا کہ مڈویسٹ کی مقابلہ حسن جیتنے والی لڑکیاں انہی کی طرح گہری رنگت کی تھیں اور انہیں دیکھنے کے بعد ہی ان کے حوصلے بلند ہوئے۔ سوانح عمری میں اداکارہ نے یہ انکشافات بھی کیے ہیں کہ انہیں ان کے ہندو عقائد کی وجہ سے بھی مشکوک نظروں سے دیکھا جاتا اور ان کا ذکر ہندو دہشت گرد کے طور پر کیا جاتا۔
خیال رہے کہ پریانکا چوپڑا کامیاب اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ گلوکارہ اور فلم پروڈیوسر بھی ہیں۔ انہوں نے شوبز میں اپنے کیریئر کا آغاز سال 2000 میں مس ورلڈ کا اعزاز جیت کر کیا، اس وقت وہ صرف 18 سال کی تھیں۔ اس کے بعد بالی ووڈ میں انہوں نے 2003 کی فلم ’دی ہیرو‘ کے ساتھ قدم رکھا، انہوں نے 2017 سے ہالی ووڈ فلموں میں اداکاری کا آغاز کیا تاہم وہ 2012 میں ہی امریکی گانوں میں ماڈلنگ کر چکی تھیں۔ پریانکا چوپڑا نے 6 درجن کے قریب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، ساتھ ہی انہوں نے ایک درجن کے قریب فلموں، ڈراموں اور شوز کو پروڈیوس بھی کیا۔ شاندار اداکاری پر انہیں متعدد ایوارڈز بھی دیے جا چکے ہیں، ان کی آخری بالی ووڈ فلم ’اسکائے از پنک‘ تھی جسے 2019 میں ریلیز کیا گیا، گزشتہ برس ان کی دو ہالی ووڈ موویز ریلیز ہوئی تھیں۔ پریانکا چوپڑا نے 2 سال قبل دسمبر 2018 میں امریکی گلوکار نک جونس سے شادی کی تھی، امریکی گلوکار ان سے 11 سال چھوٹے ہیں۔ شادی کے بعد پریانکا چوپڑا شوہر کے ساتھ امریکا منتقل ہوگئی تھیں تاہم وہ بھارت آتی جاتی رہتی ہیں، ان کے پاس شادی سے قبل ہی امریکی شہریت بھی تھی، ان کا شمار نہ صرف بالی ووڈ بلکہ امریکی شوبز انڈسٹری کی بھی اہم شخصیات میں ہوتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button