پشاور:سکھ حکیم کے قتل کی تحقیقات ، 4 ہزار فونز کی جانچ

سیکیورٹی فورسز نے پشاور میں سکھ حکیم ستنام سنگھ کے قتل کے حوالے سے تحقیقات کے دوران اب تک 4 ہزار سے زائد افراد کے موبائل ڈیٹا کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔

پولیس کی 15 رکنی تفتیشی ٹیم کو گولڈ میڈلسٹ حکیم سردار ستنام سنگھ کے قتل کا سراغ لگانے کا ٹاسک دیا گیا ہے ، پندرہ رکنی ٹیم کو چار گروپس میں تقسی کیا گیا ہے جس میں ایک ٹیم انٹلیجنس معلومات کا تبادلہ کرنے کیلئے مختص کی گئی ہے۔

جبکہ ایک ٹیم کو مشتبہ افراد کے انٹرویو اور ڈیٹا اکھٹا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ، تیسری ٹیم موبائل فون کالز اور ڈیٹا پر کام کر رہی ہے جبکہ چوتھی ٹیم کو پشاور اور دیگر اضلاع میں گرفتاریوں کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ، تفتیشی ٹیم کے مطابق ستنام سنگھ کا قتل معمول کی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہے بلکہ اس قتل کے محرکات کچھ اور ہیں، کلینک میں کام کرنے والے نوجوان سے بھی تفتیش کی گئی ہے۔

تفتیشی ٹیم نے قتل کے بعد پورے علاقے کی جیوفنسنگ کی تھی جس کے دوران چار ہزار کے قریب موبائل فون کالز اور ان کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی تھی ، اس کے علاوہ حکیم کے مطب میں آنے والی خواتین اور مرد مریضوں کے کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے۔

Back to top button