پنجاب، نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پرائییوٹ تعلیمی اداروں کو تعطیلات کے دوران 2 ماہ کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت دینے کا پابند کر تے ہوئے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کو 2 ماہ کی یک مشت فیس نہ لینے کا حکم دیا ہے.
پنجاب کے وزیراعلٰی عثمان بزدار نے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی حالیہ صورت حال کے پیش نظر اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر کے سکولوں کی فیس 20 فیصد کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ فیس پیشگی کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر وصول کی جائے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ اساتذہ کی نوکریاں بھی محفوظ کرنے کا فیصلہ اس اقدام میں شامل ہے۔
اس بارے میں پیر کو ایک ٹویٹ میں وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران سکولوں کو تمام اساتذہ اور سٹاف کی تنخواہوں کی مکمل اور بروقت ادائیگی کا پابند بنایا جائے گا اور کسی سکول کو اساتذہ کو نکالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ چھٹیوں کے دوران پنجاب کے تمام سکولوں کی فیس 20 فیصد کم اور صرف ماہانہ بنیاد پر وصول کی جائے
اس دوران سکولوں کو تمام اساتذہ اور سٹاف کی تنخواہوں کی مکمل اور بروقت ادائیگی کا پابند بنایا جائے گا اور کسی سکول کو ٹیچرز یا سٹاف کو نکالنے کی اجازت نہیں دی جائےگی
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) April 6, 2020
کرونا وائرس کے باعث ملک بھر میں 31 مئی تک تعطیلات ہونے کے بعد نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے والدین کو دو دو، تین تین ماہ کی فیسیں پیشگی جمع کرانے کے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔ کچھ سکولوں کی جانب سے والدین کو سکول آ کر فیس جمع کروانے کے بعد چھٹیوں کا کام یا سلیبس وصول کرنے کو بھی کہا گیا ہے جبکہ بعض سکولوں نے وین ڈرائیوروں کے ذریعے فیس چالان گھروں پر پہنچائے ہیں۔ اس حوالے سے پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے ترجمان ظفر اقبال یوسف زئی نے بتایا تھا کہ ’کورونا کے باعث بحران کی وجہ سے والدین کی جانب سے یہ مطالبہ سامنے آ رہا ہے کہ سکول اپنی فیسوں میں سے معمول کے اخراجات بالخصوص جنریٹر کے اخراجات، سکیورٹی چارجز، بجلی کے بل اور سٹیشنری کے اخراجات کی کٹوتی کریں۔‘
دوسری طرف والدین نے نجی سکولوں کی انتظامیہ، حکومت اور چیف جسٹس سے اپیل کی تھی کہ سکولوں کی فیسوں میں 70 فیصد تک کمی لائی جائے۔والدین کا موقف تھا کہ ’دسمبر 2019 میں موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد سے اب تک سکول کھل نہیں سکے، اس کے باوجود والدین فیسیں ادا کر رہے ہیں۔ اب پھر سکول بند ہیں اور نہیں معلوم کہ دوبارہ کب کھلیں گے۔
