پنجاب اور کے پی میں بارشیں، حادثات میں 22 افراد جاں بحق

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے حادثات میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات و حادثات کے نتیجے میں اب تک 17 افراد جاں بحق جبکہ 37 زخمی ہوگئے۔ اس حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں میں ہونے والی اموات کے اعداد و شمار جاری کردیے۔جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اور بارشوں کے نتیجے میں چھتیں گرنے، دیواریں منہدم ہونے، تودے گرنے سے 4 روز میں خواتین اور بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق جبکہ 37 افراد زخمی ہوگئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے بھر میں بارشوں کے باعث 2 مکانات مکمل جبکہ 47 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا، ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ان واقعات میں مویشی بھی ہلاک ہوئے۔صوبے میں بارشوں کے نتیجے میں مردان میں چھت گرنے اور کمرہ منہدم ہونے سے 2 خواتین اور 4 بچے جاں بحق ہوئے جبکہ پشاور میں بھی مختلف حادثات کے نتیجے میں 2 بچے اور 2 خواتین کی موت واقع ہوئی۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، سوات میں بھی تیز بارشوں اور ہواؤں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات میں خواتین اور بچے جاں بحق ہوئے۔ادھر پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر چارسدہ اور مردان میں بارش سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا گیا، اس کے علاوہ نوشہرہ میں بارش کے باعث جاں بحق 2 بچوں کے عزیزوں میں چیک بھی تقسیم کیے گئے۔متاثرہ خاندانوں میں تقسیم کیے گئے امدادی سامان میں ٹینٹس، چٹائیاں اور دیگر سامان شامل ہے۔پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ان کا ادارہ تمام اضلاع کی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے، ان کا کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے پر ان کی ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دی جائے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز سے اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے بھی پیش گوئی کی تھی کہ بارشوں کے سبب ندی، نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ موسلا دھار اور مسلسل بارشوں کی وجہ سے کشمیر، گلگت بلتستان، مالاکنڈ، دیر اور ہزارہ کے حصوں میں شاہراؤں پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا تھا۔ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے غیرمعمولی بارشوں، ژالہ باری اور تیز ہواؤں سے خیبرپختونخوا اور بالائی پنجاب میں گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ظاہر کیا۔
اس کے علاوہ پنجاب میں چیچہ وطنی، اوکاڑہ اور پاکپتن میں بارشوں کے دوران حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے۔ پہاڑی تودےگرنے سے ژوب ڈی آئی خان شاہراہ دوسرے روز بھی بند ہیں اور وہاں گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں جب کہ دانہ سر اورکوہ سلیمان کے پہاڑی نالوں میں سیلابی صورت حال برقرار ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button