پنجاب: دھرنے ختم کرانے کیلئے مذاکرات جاری، صوبے میں پیرا ملٹری فورس طلب

ملک بھر میں مذہبی تنظیم کے احتجاج میں شدت کے باعث صوبہ پنجاب میں پیراملٹری فورسز کو طلب کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیراملٹری فورسز کو طلب کیے جانے کے بعد لاہور کی مختلف سڑکوں پر پولیس ، ایلیٹ فورس اور رینجرز کی گاڑیوں کی جانب سے گشت شروع کردیا گیا ، جب کہ محکمہ داخلہ پنجاب کے احتجاج اور دھرنے ختم کروانے کے لیے مذاکرات بھی جاری ہیں جب کہ ملک کے مختلف شہروں میں مذہبی جماعت کے احتجاج سے دوسرے روز بھی ٹریفک درہم برہم ہے ، کراچی سمیت پنجاب کے بعض شہروں میں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، کراچی اور دیگر شہروں میں اہم شاہراہیں بند ہیں، کچھ شہروں میں ٹریفک جزوی بحال کر دی گئی، بیشتر میں حالات بدستور خراب ہیں ، لاہور میں چونگی امرسدھو، فیروزپور روڈ، قصور روڈ، یتیم خانہ چوک، شاہدرہ، درواغہ والا، بیگم کوٹ، امامیہ کالونی، سکیم موڑ میں تاحال مظاہرین سڑکوں پر ہیں، لوگوں کو سڑکوں کی بندش سے مشکلات کا سامنا ہے ، کراچی، حیدر آباد، پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی احتجاج کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے جب کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بلاک راستوں کے مقامات سے متبادل راستے فراہم کیے جارہے ہیں شہر اقتدار میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے رینجرز کے دستے تعینات کر دیئے گئے ، ترجمان موٹروے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں بھی سڑکیں بلاک کی گئی ہیں۔ دوسری جانب گوجرانوالہ میں چندا قلعہ چوک پر احتجاجی دھرنا دیا جارہا تھا کہ اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنےکے لیے شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا ، لاٹھی چارج اور شیلنگ سے احتجاج کرنے والے 21 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپوں میں متعدد پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جن کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button