پنجاب ضمنی الیکشن کی تیاریاں مکمل، سیکیورٹی سخت، میدان کل سجے گا
پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے لیے انتخابی مہم اختتام کو پہنچ گئی، میدان کل سجے گا، مختلف شہروں میں سامان پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کر دیا گیا ہے، لاہور کے چار، ملتان اور بھکر کے ایک ایک حلقے کو حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں رینجرز اور فوج تعینات کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق 45 لاکھ 96 ہزار873 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، 20 حلقوں میں 175 امیدوار مدمقابل ہیں، 3 ہزار 140 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، آخری روز مسلم لیگ ن، تحریک انصاف سمیت امیدواروں نے بھرپور مہم چلائی۔
لاہور ملتان اور بھکر کے پولنگ سٹیشنز پر رینجرز تعینات ہوگی جبکہ حساس پولنگ سٹیشنز پر پاک فوج کے جوان بھی تعینات ہوں گے، ٹریفک پولیس نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے انتطامات مکمل کر لیے گئے،7 ڈی ایس پیز، 43 ٹریفک انسپکٹرز اور 613 وارڈنز تعینات ہونگے، مجموعی طور پر 189 پولنگ بلڈنگز کے گردونواح میں ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
مشکوک گاڑیوں پر کڑی نظر رکھنے کے لئے ضلعی پولیس کے تعاون سے 42 ناکے لگائے ہیں، پولنگ بوتھ سے کم ازکم 3 سو میٹر دور پارکنگ کروائی جائے گی۔