پنجاب میں بیوٹی سیلون اور حجاموں کےلیے ایس او پیز جاری

حکومت پنجاب نے ضابطہ کار کے تحت بیوٹی پارلرز اور حجام کی دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی۔
وفاقی حکومت نے ملک بھر میں 9 مئی سے کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا اعلان کردیا تھا جس کے تحت ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کاروبار اور مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دے دی گئی تھی مگر اس میں بیوٹی پارلرز اور حجام کی دکانیں شامل نہیں تھیں۔
تاہم اب صوبائی حکومت نے پنجاب میں بیوٹی پارلرز اور حجام کی دکانیں کھولنے کی اجازت دے دی ہے جس کےلیے محکمہ صحت پنجاب کے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے قواعدو ضوابط کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق گاہگ اور عملے کے درمیان سماجی فاصلہ لازمی قرار دیا گیا ہے اس لیے ایک وقت میں ایک گاہک کی حکمت عملی اپنائی جائے۔ گاہکوں کو ٹیلیفون کے ذریعے وقت دینے کی حکمت عملی اپنائی جائے کیوں کہ انتظار گاہ میں گاہک زیادہ سے زیادہ 15 منٹ تک بیٹھ سکتا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق ایک گاہک پر استعمال کردہ تولیہ دوسرے گاہک پر استعمال نہ کریں، اس کے بعد تولیہ اور کپڑا واشنگ پاؤڈر سے 60 تا 90 ڈگری سینٹی گریڈ گرم پانی میں دھو کر استعمال کریں، بہتر ہے کہ کاغذی تولیے استعمال کرنے کو ترجیح دیں، بار بار ہاتھ لگنے والی اشیاء کرسیاں، میز، دروازے، کنگھی اور دیگر پلاسٹک کے آلات وغیرہ کو بار بار واشنگ پاؤڈر یا 0.05 فیصد کلورین کے محلول سے صاف کریں۔
اس کے علاوہ گاہک بٹھانے سے پہلے کرسی کو جراثیم کش محلول سے صاف کریں۔ گاہک کےلیے جراثیم سے پاک کنگھی اور قینچی استعمال کریں، ممکن ہو تو ڈسپوز ایبل کنگھی استعمال کرنے کو ترجیح دیں اس کے علاوہ ہر گاہک کےلیے نیا ڈسپوز ایبل بلیڈ استعمال کریں جس کے بعد بلیڈ ڈبے میں اکٹھے کرکے تلف کریں۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ کوڑا کرکٹ یا بالوں وغیرہ کو مناسب جگہ گڑھا گھود کر دبائیں اور دکان میں صاف ستھرائی کا خاص خیال رکھیں، گاہک کو ترغیب دی جائے کہ وہ بار بار ہاتھ دھوئیں یا سینیٹائز کریں، ماسک پہنے یا منہ کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں۔
نوٹی فکیشن میں ہدایت کی گئی کہ گاہک کا کام کرنے سے پہلے اور اس کے بعد لازمی صابن سے ہاتھ دھوئیں۔ گاہک میں بخار ،کھانسی یا گلا خراب کی علامات ہوں تو معذرت کریں اور ہرگز حجامت نہ کریں، ساتھ ہی حجام کی دکانوں اور پارلرز میں لازم ہے کہ دکان پر کورونا وائرس سے بچاؤ کےلیے ہدایات کے پوسٹر آویزاں کریں۔
