پنجاب میں تمام عمارتوں اور مارکیٹوں کا فائر سیفٹی آڈٹ لازمی قرار

پنجاب میں تمام عمارتوں اور مارکیٹوں کا فائر سیفٹی آڈٹ لازمی، وزیراعلیٰ مریم نواز کا 2 ہفتوں میں حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کا حکم دیدیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کی تمام مارکیٹیں، عمارتیں، سکولز اور ہائر رائز بلڈنگز کا فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں صوبے میں فائر ڈرل کرانے، فائر سیفٹی حفاظتی ضوابط مکمل کرنے اور بلڈنگ سیفٹی ایکٹ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں۔
وزیر اعلیٰ نے 2 ہفتے کی مہلت دی اور بلڈنگ سیفٹی ایکٹ پر عملدرآمد کے لیے پیرا فورس کو خصوصی اختیارات تفویض کرنے اور ایک خصوصی سیل قائم کرنے کا بھی حکم دیا۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ تمام عمارتوں میں داخلی و خارجی راستے کلیئر رکھنا اور حفاظتی سائن ایج درست اور واضح ہونا لازم ہے۔
اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریسکیو 1122 کی نشاندہی پر جیو ٹیگڈ مقامات پر واسافائر ہائیڈرینٹس نصب کیے جائیں گے اور صوبہ بھر میں اہم مقامات کی جیو ٹیگنگ کی جائے گی۔ ریسکیو 1122 کو تھرمل اور جدید ڈرونز سے لیس کیا جائے گا، اور 2 ہفتوں کے اندر تمام عمارتوں میں ایکسٹرنل فائر ہائیڈرینٹس نصب کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عمارتوں میں آتشزدگی سے نمٹنے کے لیے حکمت، ہمت اور جدید ٹیکنالوجی ضروری ہے اور عوام کی زندگی سے کھیلنے والوں کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب کی ہر تحصیل، مارکیٹ، عمارت، سکول اور ہائر رائز بلڈنگ اب محفوظ ہوگی۔
