پنجاب بھر میں جاری لاک ڈاؤن ختم، نوٹیفکیشن جاری

حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں جاری لاک ڈاون ختم کرتے ہوئے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان نے نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں یہ کہا گیا تھا کہ لاک ڈاؤن پانچ اگست رات 12 بجے تک جاری رہے گا۔حکم نامے کے مطابق ان آٹھ دنوں کے دوران صوبے میں ہر طرح کے کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رکھے جانے تھے۔سیکریٹری برائے پرائمری اینڈ سیکینڈری صحت کیپٹن ریٹائرڈ عثمان کے دستخط سے جاری ہونے والے حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ ان آٹھ دنوں کے دوران صوبے میں ہر طرح کے کاروباری مراکز مکمل طور پر بند رہیں گے۔ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ایک ہفتے کے لیے کیے جانے والے لاک ڈاؤن پر جزوی عمل درآمد دیکھنے میں آرہا تھا۔
تاہم اب گورنمنٹ آف پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن میں کہا گیاہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی منظوری سے 27 جولائی کو عیدالاضحی پر لاک ڈاون کے حوالے سے جاری ہونے والا نوٹیفیکیشن واپس لیا جا رہا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق نیا حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا جب تک کہ اس میں کوئی ترمیم نہ کی جائے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن میں 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اجتماع کی اجازت ہو گی اور متعلقہ ادارے کشمیر ریلی کے دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور دیگر تمام ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔سیکریٹری پرائمری ہیلتھ کے مطابق عید پر نافذ ہونے والا لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بھی تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریستوراں، پارک اور سنیما ہال بدستور بند رہیں گے۔ سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اجتماع کی اجازت نہیں ہو گی۔حکم نامے کے مطابق تمام کاروباری مقامات سوموار تا جمعہ صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے تاہم میڈیکل اسٹور، پنکچر شاپ، آٹا چکی تندور، زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہو گی۔اس کے علاوہ گروسری اور کریانہ اسٹور صبح 9 سے شام 7 تک ہفتہ بھر کھلے رہیں گے۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد بین الاضلاع ٹرانسپورٹ 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہو گی۔ کال سنٹرز کو 50 فی صد سٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ جب کہ چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیےکھلے رہیں گے۔یہ بھی کہا گیا کہ عوام کی معلومات کے لیے اس حکم نامے کی اخبارات اور الیکڑانک ذرائع سے تشہیر کی جائے۔ حکومت پنجاب کے ذرائع نے بتایا کہ مویشی منڈیوں سے لیے گئے سمارٹ سیمپلز کے نتائج حوصلہ افزا آنے پر لاک ڈاون پہلے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مویشی منڈیوں میں کرونا وائرس کی عدم موجودگی کی بنا پر یہ فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ عید پر مارکیٹوں کی بندش کے بعد کرونا وائرس کے پھیلاو کے امکانات کم ہونے کی بنا پر فیصلے میں مدد ملی ہے۔ پ
