پنجاب میں لوکل ٹرانسپورٹ اور بڑے شاپنگ مالز کھولنےکا فیصلہ

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انٹرسٹی اور انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ اور آن لائن ٹیکسی سروس کھولنے کی اجازت دے دی جبکہ کرایوں میں بھی 20 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔اپنے بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی کو ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا، مسافروں، ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کیلئے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے،بسوں میں سینی ٹائزرز اور مسافروں کے درمیان ضروری فاصلہ رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بڑے شاپنگ مالز کو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں پاور لومز کو بھی کام کی اجازت دینے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ ایس او پیز کے تحت گرجا گھروں میں اتوار کو عبادت کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مسافروں کے لئے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کی سفری مشکلات کا احساس کرتے ہوئے انٹرسٹی و انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، لوگ گاڑیوں پر سفر کر رہے ہیں اور غریب کی ٹرانسپورٹ بند ہے جب کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی کو ملے گا، ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی سے عام آدمی کو بہت ریلیف ملے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا، مسافروں، ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کے لئے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے، سینی ٹائزرز رکھنے کی پابندی ہو گی اور مسافروں کے درمیان ضروری فاصلہ رکھا جائے گا۔
علاوہ ازیں وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تصدیق کی ہے کہ حکومت پنجاب اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کو کرایوں میں 20 فیصد کمی کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ ہوگیا ہے۔
