پنجاب میں 5 نئے نیشنل پارکس بنانے کا منصوبہ

پنجاب وائلڈ لائف نے بجٹ 22-2021 میں نیچرل ہسٹری میوزیم اوراوکاڑہ وائلڈلائف پارک کے قیام سمیت مختلف وائلڈ لائف پارکس اور بریڈنگ سنٹر میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے 675 ملین سے زائد کی سکمیں منظوری کےلیے شامل کی ہیں،محکمہ جنگلات نے بھی پنجاب میں پانچ نئے نیشنل پارک بنانے کی تجاویز بجٹ میں شامل کی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق پنجاب وائلڈلائف کی طرف سے معمول کے اخراجات کے علاوہ 7 ترقیاتی منصوبے بجٹ میں شامل کیے ہیں۔وائلڈلائف بریڈنگ سنٹر باراٹھی تحصیل چونسہ میں باونڈری وال کی تعمیر، جانوروں اور پرندوں کے انکلوژر اور پنجرے، زیر زمین پانی اسٹوریج سمیت دیگرکاموں کےلیے 72 اعشاریہ 824 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ وائلڈلائف پارک ہیڈ سلیمانکی اوکاڑہ میں تعمیراتی کام مکمل کرنے کےلیے 22 ملین روپے مختص کرنے کی تجویزدی گئی ہے، اسی طرح رائیونڈ سفاری زو کی چاردیواری کےلیے 62 ملین روپے مانگے گئے ہیں۔ وائلڈلائف پارک لوئی بھیر راولپنڈی کے 15 اعشاریہ 815 ملین روپے تجویز کئے گئے ہیں۔ اوکاڑہ میں چڑیا گھرکے قیام کےلیے سب سے زیادہ 142 اعشاریہ 982 ملین روپے تجویز کیے گئے ہیں جب کہ تونسہ بیراج آب گاہ میں جاری ترقیاتی کاموں کی تکمیل کےلیے مزید 17 ملین روپے تجویز کیے گئے ہیں۔ لاہور میں نیچرل ہسٹری میوزیم کے پی سی ٹو کےلیے 17 ملین روپے مانگے گئے ہیں جس میں نیچرل ہسٹری میوزیم کی فزیبیلٹی رپورٹ، ماسٹر پلان اور نقشہ تیار کیا جائے گا۔ پنجاب وائلڈلائف کے حکام نے بتایا کہ بجٹ میں ان ترقیاتی منصوبوں کی منظوری ہوجائے گی جس سے جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ میں مدد ملے گی۔ اسی طرح محکمہ جنگلات پنجاب نے نئے مالی سال کے دوران صوبے میں پانچ نئے نیشنل پارک بنانے کافیصلہ کیاہے، بجٹ میں ان منصوبوں کی منظوری دی جائے گی، وزیراعظم اور وزیر اعلی پنجاب کے گرین پاکستان پروگرام کے تحت ان 5 نئے نیشنل پارکوں کے قیام کا تخمینہ 978 اعشاریہ 78 ملین روپے لگایا گیا ہے۔ پنجاب کے صوبائی بجٹ میں محکمہ جنگلات پنجاب کے معمول کے اخراجات اورجاری ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ پانچ نئے نیشنل پارک بنانے کی بھی تجویزپیش کی جائے گی۔ محکمہ جنگلات نے پبی نیشنل پارک، خیری مورت نیشنل پارک، لال سوہنرا نیشنل پارک بہاولپور، سالٹ رینج نیشنل پارک، چنجی نیشنل پارک کے قیام کی تجاویز بجٹ میں شامل کی ہیں۔ محکمہ جنگلات پنجاب کے حکام کے مطابق یہ پانچ نئے نیشنل پارک نئے مالی سال کے دوران بنناشروع ہوں گے اور سال 2024 میں مکمل ہوں گے۔ محکمہ جنگلات نئے مالی سال کے دوران 10 بلین ٹری منصوبے پر خصوصی توجہ دے گا اور وفاقی حکومت کی معاونت سے اس منصوبے پر کام جارہے گا۔ تفصیلات کے مطابق نئے مالی سال کے دوران لاہور رنگ روڈ، لاہور سیالکوٹ موٹروے سمیت اہم شاہراؤں کے اطراف میں بھی پھل اور سایہ دار پودے لگائے جائیں گے۔ جب کہ میاواکی جنگلات کا دائرہ کار دوسرے شہروں تک بڑھایاجائے گا۔ اس مقصد کےلیے محکمہ جنگلات پی ایچ اے، محکمہ شاہرات پنجاب، پنجاب وائلڈ لائف سمیت دیگرمحکموں کی خدمات بھی حاصل کرے گا تاکہ صوبے کو سرسبز و شاداب بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ واضح رہے کہ نیشنل پارک سے مراد ایسا علاقہ ہے جو مختلف اقسام کی جنگلی حیات کا قدرتی مسکن ہے، یہاں مزیددرخت لگانے کے ساتھ ساتھ پنجاب وائلڈلائف کی معاونت سے جنگلی حیات کی افزائش میں اضافے کی بھی کوشش کی جائے گی۔ صوبائی وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان نے بتایا کہ بجٹ میں ان منصوبوں کی منظوری ہوجائے گی اور خود ان کی نگرانی کریں گے تاکہ صوبے میں مزید پانچ نئے نیشنل پارک بنائے جاسکیں۔
