پنجگور،یونیورسٹی کے سابق استاد سمیت متعدد دہشتگرد گرفتار

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک اہم دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزم سابق یونیورسٹی استاد ہے، جس کے قبضے سے خودکش جیکٹ، جدید اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد ہوا۔

گرفتاری اور برآمدگیوں کی تفصیلات ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ہوم) بلوچستان حمزہ شفقت اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل اعتزاز احمد گورایا نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بتائیں۔

ڈی آئی جی اعتزاز گورایا کے مطابق گرفتار ملزم ساجد احمد عرف شہویز، تربت کا رہائشی ہے اور اس سے قبل یونیورسٹی آف تربت میں بطور استاد خدمات انجام دے چکا ہے۔ وہ انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کا گریجویٹ ہے اور کالعدم دہشت گرد تنظیم سے وابستہ رہا۔ حکام کے مطابق وہ ریکی، سہولت کاری اور نوجوانوں کی بھرتی میں ملوث تھا۔

سی ٹی ڈی حکام نے بتایا کہ گرفتاری کے وقت ملزم کی گاڑی سے خودکش جیکٹ، جدید ہتھیار اور بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا، جو مبینہ طور پر پنجگور سے تربت منتقل کیا جا رہا تھا۔

Back to top button