پورٹ قاسم، گیس اخراج کے باعث درجنوں افراد کی حالت غیر

کراچی میں پورٹ قاسم پر مقامی کمپنی سے گیس اخراج کے باعث درجنوں ملازمین کی حالت غیر ہوگئی جنہیں طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیاگیا تاہم تمام مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم پر مقامی فرٹیلائزر کمپنی میں گیس لائن کی مرمت کے دوران دھماکے سے گیس کا اخراج ہوا جس کے باعث کمپنی کے متعدد ملازمین کی حالت غیر ہوگئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق 70 سے زائد ملازمین کو فوری طبی امداد کےلیے اسٹیل ملز اسپتال، حدید اسپتال اور جناح اسپتال منتقل کیاگیا۔اسٹیل ملز اسپتال ذرائع کے مطابق 19 متاثرہ افراد کو طبی امداد کے لیے لایا گیا جبکہ پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد میں سے بیشتر کی حالت سنبھل چکی ہے ، اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ تمام مریضوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ پورٹ قاسم ایل این جی ٹرمینل میں گیس کا اخراج نہیں ہوا، گیس اخراج کی اطلاع ایک نجی فیکٹری سے ملی ہے اور یہ فیکٹری بندرگاہ کی حدود میں نہیں آتی۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) سے بھی مبینہ طور پر زہریلی گیس کے اخراج سے 14 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ جامعہ کراچی کے ماہرین نے رپورٹ جمع کرائی تھی جس کے مطابق واقعات سویابین ڈسٹ کی وجہ سے پیش آئے البتہ ہلاکتوں کی حتمی وجہ اب تک سامنے نہیں آسکی ہے۔
