پولیو کے قطرے پلانا شریعت کے مطابق ہیں

ملک کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علما کرام نے پولیو ویکسین کے قطروں کو پلانا شریعت کے مطابق قرار دیتے ہوئے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ انسداد پولیو کی قومی مہم کو کامیاب بنائیں اور ملک سے پولیو کے خاتمے کےلیے بھرپور کردار ادا کریں۔
پاکستان علما کونسل (پی یو سی) کے چیئرمین حافظ طاہر اشرفی نے دیگر علماء کرام کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان افراد کی مذمت کی جو انسداد پولیو مہم کی مخالفت اور اسے ملک کے خلاف سازش قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان علما کونسل، دارالافتا پاکستان، وفاق المساجد، مدارسِ پاکستان اور نمایاں علما و مشائخ نے نہ صرف پولیو کے قطروں کو حلال بلکہ انسانوں کےلیے مفید قرار دیا ہے اور اس سلسلے میں فتوے بھی جاری کیے گئے ہیں کہ پولیو کے قطروں سے کوئی نقصان نہیں ہوتا‘۔
حافظ طاہر اشرفی نے علماء اور مذہبی اسکالرز سے اپیل کی کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور نماز جمعہ کے خطبات میں بھی یہ پیغام دیں۔ ان کا کہنا تھا پاکستان اور افغانستان کے علاوہ دنیا کے تمام ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ’5 سال سے کم عمر بچوں کے والدین اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی ہو، ہمیں یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ پوری اسلامی دنیا سے مذہبی اسکالرز نے فتوے دیے ہیں کہ پولیو ویکسین میں شریعت کے خلاف کچھ نہیں‘۔
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ ’میں والدین سے بھی درخواست کرتا ہوں کیوں کہ اگر انہوں نے اپنے 5 سال کی عمر تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے تو آخر میں ان کے اپنے بچوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑے گا اور وہ آخرت میں اپنے بچوں کو خطرے میں ڈالنے پر جوابدہ ہوں گے‘۔
پریس کانفرنس میں مولانا نعمان حاشر، مولانا ابوبکر صابری، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا قاسم قاسمی، مولانا طاہر مسلم، مولانا نائب خان، مولانا شہباز احمد، مولاناحافظ الرحمٰن، مولانا افضل حسینی، مولانا اسید الرحمٰن سعید اور مولانا مبشر رحیمی موجود تھے۔
