پٹرول اور ڈیزل 9روپے اور 5روپے سستا کیوں ہونے جارہا ہے؟

حکومت کی جانب سے عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات صارفین کو منتقل کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ شہباز حکومت نے سالانہ بجٹ میںٹیکسوں کا بھاری بوجھ ڈالنے کے بعد آئندہ پندرہ روز کیلئے عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کی فراہمی پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  15 جون کو قیمتوں جائزے میں پیٹرول تقریباً 9 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 268 روپے 36 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 270 روپے 22 پیسےہے۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ 2 ہفتوں میں عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 3.75 ڈالر اور 2.7 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی ہے۔اس سے قبل پندرہ روز کے دوران تقریباً 12 ڈالر فی بیرل جبکہ اس سے گزشتہ پندرہ روز کے دوران 8 ڈالر فی بیرل کی تنزلی ہوئی تھی۔پیٹرول کی قیمت تقریباً 94 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 90 ڈالر فی بیرل پر آ گئی تھی جبکہ ڈیزل کی قیمت 98 ڈالر فی بیرل سے گر کر 95 ڈالر پر آ گئی ہے۔پیٹرول پر درآمدی پریمیم پچھلے پندرہ روز کے دوران 9.70 ڈالر سے کم ہو کر 9.50 ڈالر فی بیرل ہو گیا ہے، دوسری جانب روپے کی قدر بھی مستحکم رہی۔جس کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی حتمی قیمت میں پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی شامل ہوگا، جس کے لیے حکومت نے پہلے ہی پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر قانون کے تحت 60 روپے فی لیٹر کی زیادہ سے زیادہ قابل اجازت حد حاصل کر لی ہے۔حکومت نے 31 مارچ کو ختم ہونے والے مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران اس مد میں 720 ارب روپے کی رقم حاصل کر چکی ہے جبکہ حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے وعدوں کے تحت رواں مالی سال کے دوران پیٹرول لیوی کی مد میں 869 ارب روپے جمع کرنے کا بجٹ ہدف مقرر کیا تھا، جسے اب نظر ثانی کے بعد 960 ارب روپے کر دیا گیا ہے۔آئندہ بجٹ میں پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی 80روپے لیٹر کرنے کی تجویز ہے۔

خیال رہے کہ اس وقت، حکومت پٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 80 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، جس میں تقریباً 19 سے 20 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی بھی شامل ہے، تاہم تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس صفر ہے۔یاد رہے کہ پاکستان میں یکم مئی کے بعد سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے ۔

Back to top button