پٹرو ل اورڈیزل 10سے15روپے سستا کیوں ہونے جارہاہے؟

گزشتہ ایک ماہ میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 6 ڈالر فی بیرل کی کمی اور ڈالر کی قیمت 278 روپے پر مستحکم ہونے کے بعد کہا جا رہا ہے کہ 15 مئی سے پیٹرول کی قیمت میں 12 سے 15 روپے فی لیٹر کمی کی جا سکتی ہے، تاہم قیمتوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزارت خزانہ 15 مئی کی شب اوگرا کی سمری کی روشنی میں کرے گی۔

یاد رہے کہ حکومت نے پچھلی بار 30 اپریل کو جب پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے کی کمی کی تھی، تو اس وقت بھی انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 278 روپے ہی تھی جبکہ خام تیل کی قیمت 84 ڈالر فی بیرل تھی، جو اب کم ہو کر 83 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمت 6.32ڈالرز فی بیرل کم ہوکر 99.93 ڈالرز ہوگئی ہے، اور ڈیزل کی قیمت اب 4.97ڈالرز فی بیرل ہے، جو کہ مارکیٹ میں مثبت تبدیلی کو ظاہر کرتی ہے۔ ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ گزشتہ برس کے اختتام پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 73 ڈالر فی بیرل تک گر گئی تھی، اس سے قبل اکتوبر میں خام تیل کی قیمت 94 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی، گزشتہ ماہ اپریل کے آغاز سے خام تیل کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوا اور قیمت 7 ڈالر کے اضافے سے 90 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی تاہم اب 6 ڈالر فی بیرل کم ہوگئی ہے۔

جس کے بعد 16مئی سے پٹرولیم مصنوعات میں بڑے پیمانے پر ریلیف کا امکان ہے جیسا کہ اگلے پندرہ دن کیلئے 31مئی تک پٹرول کی قیمت میں 15 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 8سے 9.50روپے فی لیٹر کی کمی ہو سکتی ہے۔

 مبصرین کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کی صورت میں یہ موجودہ مہینے میں عوام کیلئے لگاتار دوسرا ریلیف ہوگا جیساکہ یکم مئی 2024سے حکام نے موٹر اسپرٹ کی قیمت کو 5.45روپے فی لیٹر کم کرکے 293.94 روپے فی لیٹر سے کم کرکے 288.49روپے فی لیٹر کر دیا۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی یکم مئی سے 8.42 روپے فی لیٹر کم ہوکر290.38روپے سے کم ہوکر 281.96روپے ہو گئی تھی۔

متعلقہ حکومتی اور صنعتی ذرائع نے بتایا کہ 16مئی سے پاکستان ریفائنریز اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو امید ہے کہ گزشتہ10دنوں میں پی او ایل کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی اور ایران سے اسمگل شدہ پی او ایل مصنوعات کی آمد روکنے کی وجہ سے پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں اضافہ ہوگا۔

Back to top button