پہلا ٹیسٹ: پاکستان کا انگلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں ٹاس کا سکہ اپنے حق میں پلٹتے دیکھ کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔
اظہر علی نے کہا کہ ہم دو اسپنرز اور تین فاسٹ باؤلرز کے ساتھ میدان میں اتر رہے ہیں، شاداب خان کو بحیثیت آل راؤنڈ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیریز کےلیے اچھی تیاری کی ہے، ہم سہولیات کی فراہمی پر انگلش کرکٹ کے شکر گزار ہیں اور سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز جیتنے والی ٹیم کو برقررا رکھتے ہوئے کوئی تبدیلی نہیں کی۔ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے کہا کہ بین اسٹوکس مکمل فٹ نہیں ہیں اور انہیں کھلانا بڑا رسک ہے لیکن ان کے رنز ہمارے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں اور وہ ڈریسنگ روم کا اہم حصہ ہیں۔
میچ کےلیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
پاکستان: اظہر علی(کپتان)، شان مسعود، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ۔
انگلینڈ: جو روٹ(کپتان)، ڈوم سبلی، رورے برنز، بین اسٹوکس، اولی پوپ، جوز بٹلر، کرس ووکس، ڈوم بیس، اسٹورٹ براڈ، جوفرا آرچر اور جیمز اینڈرسن۔
