پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کا اجلاس 11اپریل کو طلب

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی (سی ای سی) کا اجلاس اتوار 11 اپریل کو طلب کرلیا۔
پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئرحسین بخاری کے مطابق سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اتوار 11 اپریل کو دن ایک بجے بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگا۔نیئرحسین بخاری کے مطابق کووڈ کے باعث جو اراکین شرکت نہیں کرسکتے وہ ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوں گے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر شیری رحمان نے ایک بار پھر ن لیگ کو اپنی روش پر نظرثانی کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہےکہ احترام کا رشتہ اور اعتماد بحال رکھیں ،پی ڈی ایم کا جھونکا آتا توحکومت سنبھل نہیں پاتی،پی ٹی آئی کو سب سے بڑا خطرہ اپنی نااہلی سے ہے ۔ شیری رحمان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کسی کو جوابدہ نہیں ہے، پی ڈی ایم کا کوئی آئین نہیں، سی ای سی اجلاس میں سوچیں گے کیا جواب دینا ہے، چاہتے ہیں گفت و شنید کے ذریعے بات کی جائے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما و سینیٹر شیری رحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈکٹیشن کے ماحول میں جمہوری اتحاد نہیں چلتے، پیپلزپارٹی کی 21 رکنی اکثریت کی بنیاد پر ہی قائد حزب اختلاف سینٹ بنایا گیا، کون ہی ڈی ایم میں دراڑیں ڈال رہا ہے ؟ چیئرمین بلاول پی ڈی ایم کے بانی ہیں، ایک دوسرے پر تنقید پی ڈی ایم سے نہیں ہونی چاہئے تھی، ہمیں چارج شیٹ قطعی قبول نہیں، پی ڈی ایم ایک اتحاد ہے، ہم نے پبلک میں پوچھا پنجاب میں کیسے سب بلا مقابلہ سینیٹر ہوگئے؟۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ سرکار کو ہٹانا بہت ضروری ہے، انہوں نے ملک کے تمام ادارے تباہ کر دیئے، ہمارا ہدف سلیکٹڈ سرکار ہے، عمران حکومت جھونکے کی طرح گرنے والی ہے، جمہوریت میں بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں، مسلم لیگ ن جس نہج پر اتحاد کو لے آئی ہے وہ سوچے کہ ہم کس کو ہدف بنانا چاہتے ہیں، ہم تو لانگ مارچ کے لئے تیار تھے، استعفوں پر بات کرنے کو تیار تھے۔
دوسری طرف یوسف رضا گیلانی کہتے ہیں کہ ن لیگ خود بھی استعفے نہیں دینا چاہتی، سی ای سی اجلاس کے بعد استعفی دے بھی دیں تو ن لیگ نہیں دے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button