پیپلز پارٹی سمیت تمام پارٹیاں استعفوں کے معاملے پر متفق ہیں

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت تمام پارٹیاں استعفوں کے معاملے پر متفق ہیں، اے پی سی ہی میں استعفوں پر اتفاق ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں طے ہوا تھا کہ پی ڈی ایم تحریک کے عروج پر استعفے دیے جائیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی ڈی ایم میں ایک سوچ ہے کہ استعفے دے دینے چاہئیں، پیپلز پارٹی بھی صورت حال کا جائزہ لے رہی ہے، اگر استعفوں کا فیصلہ ہوا تو وہ بھی دے گی، کل پی ڈی ایم کی میٹنگ ہے، استعفوں کا فیصلہ ہوگا تو قوم کو پتا چل جائے گا۔ پی ڈی ایم میں کوئی اختلاف نہیں ہے، تمام پارٹیاں ایک پیج پر ہیں۔ خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمنٹیرینز کے احتساب کی ڈور کہیں اور سے کھینچی جارہی ہے، سلیم مانڈوی والا نے سینیٹ اجلاس کےلیے ریکوزیشن بھی دی ہے، سینیٹ اور پارلیمنٹ کی اپنی باڈی ہونی چاہیے جو ارکان کا احتساب کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اسکینڈلز اتنے ہیں جس کا کوئی حساب نہیں، احتسابی عمل کے خلاف نہیں ہیں، پبلک آفس ہولڈ کا احتساب ضرور ہونا چاہیے، احتساب متوازن ہوناچاہیے، یکطرفہ نہیں۔
واضح رہے کہ حکومتی اراکین کی جانب سے کہا جا رہا تھا کہ پیپلز پارٹی استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم کے ساتھ نہیں ہے۔ جب کہ اے پی سی میں استعفوں کی بات پر مشاورت ہو چکی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button