پیپلز پارٹی کا مریم نواز کی نیب پیشی کی ریلی میں شریک ہونے کا اعلان

پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی مریم نواز کی نیب پیشی کے موقعے پرپی ڈی ایم کی اظہار یکجہتی ریلی میں شریک ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
پی ڈی ایم کی دوبڑی جماعتوں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں اختلافات ختم ہوتے نظر آ رہے ہیں، جہاں دونوں سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اپنے کارکنان اور رہنماؤ ں کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ہے وہیں دوسری طرف پیپلزپارٹی نے مریم نواز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کارکنان سمیت نیب آفس جانے کا فیصلہ کیا ہے. پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کے مطابق پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے فیصلے کے مطابق 26 مارچ کو مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی نیب میں پیشی کی ریلی میں بھر پور شرکت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کارکن بھر پور تیاری کیساتھ ریلی میں شرکت کے لیے پہنچیں۔ 26مارچ کی صبح نیب آفس کے باہر پیپلز پارٹی کے قافلے کی خود قیادت کروں گا۔ وسطی پنجاب کے کارکنوں اور رہنماوں کو اپنی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کل تک پیپلزپارٹی نے مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر ریلی میں شرکت کا فیصلہ نہیں کیا تھا، لیکن آج چیئرمین بلاول بھٹو کی اجازت کے بعد پیپلزپارٹی نے مریم نواز کی پیشی پر ساتھ جانے کا فیصلہ کیاہے.
اسی طرح جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کی قیادت میں جے یو آئی کے کارکنوں کا ایک بڑا قافلہ 26 مارچ کو مریم نواز سے اظہار یکجہتی کے لئے ٹھوکر نیاز بیگ پہنچے گا۔فیصلے کی روشنی میں جے یو آئی کی قیادت نے پارٹی کارکنوں کو ٹھوکر نیاز بیگ پہنچنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
واضح رہے کہ نیب نے 26 مارچ کو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو جاتی امرا میں 1500 کنال اراضی کی ان کے نام مبینہ غیرقانونی منتقلی کی تحقیقات میں طلب کیا ہے۔ نوٹس میں مریم نواز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پیشی کے وقت تمام مطلوبہ ریکارڈ ہمراہ لائیں۔ پی ڈی ایم نے مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقعے پر ریلی میں شریک ہونے کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس اور جاتی امرا اراضی کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی 12اپریل تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 10لاکھ کے دو مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال نے درخواست پر سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نیب نے 26 مارچ کو چودھری شوگر ملز کیس اور جاتی امرا اراضی کیس کی تحقیقات کیلئے طلب کر رکھا ہے جس میں وہ پیش ہونا چاہتی ہیں لیکن نیب کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے لہذا حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button