پی آئی اے میں لازمی سروس ایکٹ لاگو، نوٹیفکیشن جاری

وفاقی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے عالمی پھیلاؤ کے نتیجے میں موجودہ ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر قومی ایئر لائن میں ‘لازمی خدمات ایکٹ’ لاگو کر دیا ہے۔ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے پی آئی اے میں لازمی خدمات ایکٹ نافذ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایکٹ فوری طور پر نافذالعمل ہوگا اور اگلے 6 ماہ تک نافذ رہے گا جبکہ ایکٹ کا مقصد بلا تعطل پی آئی اے کی پروازوں کو یقینی بنانا ہے۔ایکٹ کے لاگو ہوتے ہی کوئی ملازم ڈیوٹی سے انکار نہیں کرسکے گا اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے گی۔بدھ کو وزارت داخلہ نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا جس میں واضح کیا گیا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز میں ‘لازمی خدمات ایکٹ’ لاگو کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ دنیا کے کئی ملکوں میں کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں پھنسے 27 ہزار پاکستانیوں کو پی آئی اے ان کے گھروں تک پہنچا چکا ہے جبکہ ابھی بھی ہزاروں لوگ مختلف ممالک میں بھنسے ہوئے ہیں جو وطن واپسی کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان ائیر لائن پائلٹ ایسوسی ایشن (پالپا) نے سیفٹی ایشوز کے پیش نظر قومی ائیر لائن کے پائلٹس کو جہاز اڑانے سے منع کر دیا تھا جس کے بعد انتظامیہ سے مذاکرات ہوئے تھے اور پائلٹس نے پروازیں اڑانے کی حامی بھرلی تھی۔
