پی آئی اے کی ائیرلائن حادثے سے بال بال بچ گئی

شارجہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز پرندہ ٹکرانے کے باعث حادثے سے بال بال بچ گئی۔
شارجہ سے کراچی آنے والی پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پرواز سے کئی پرندے ٹکرا گئے جس کے باعث جہاز کے ونگ کو نقصان پہنچا اور طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق طیارے کے سامنے اور ونگ سے کئی پرندے ٹکرائے جس کے سبب جہاز کو کافی نقصان پہنچا تاہم کپتان نے مہارت کا مظاہرہ کرتے طیارے کو بحفاظت کراچی ہوائی اڈے پر اُتار لیا۔
ایئر بس 320 طیارے کے ونگ سکرین کو پرندے ٹکرانے کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا جبکہ پرندے ٹکرانے کے باعث جہاز کے ونگ بھی متاثر ہوئے ، طیارے میں 100 سے زائد مسافر سوار تھے ، پرندے ٹکرانے کی وجہ سے طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا جبکہ کراچی سے لاہور جانے والی پرواز بھی منسوخ کردی گئی۔
واضح رہے کہ 5 اکتوبر کو لاہور سے استنبول کے لیے اڑان بھرنے والے طیارے سے بھی پرندہ ٹکرا گیا تھا جس کے باعث طیارے کو شدید نقصان پہنچا ، طیارے میں 350 مسافر سوار تھے ،پائلٹ نے طیارے کو بحفاظت ایئرپورٹ پر اتار لیا تھا۔
