پی ایس ایل ،ملتان سلطانز نے کنگزاورگلیڈی ایٹر نے زلمی کو شکست دیدی

پی ایس ایل کے سنسنی خیز میچز جاری،ملتان سلطانز نے کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی ۔
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو با آسانی 55 رنز کے بھاری مارجن سے ہرا دیا۔ملتان میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر185 رنز بنائے، ریزا ہینڈریکس 79 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔اس کے علاوہ ڈیوڈ ملان نے 41 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی، محمد رضوان 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ خوشدل شاہ 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے ، ان کی اننگز میں 4 چوکے شامل تھے۔کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ اور ڈینئل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کی بیٹنگ کوئی خاطر خواہ کار کردگی نہیں دکھا سکی، تجربہ کار بیٹر شعیب ملک کے علاوہ کوئی بھی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا۔
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو با آسانی 16 رنز سے شکست دے دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 190 رنز بنا سکی، بابر 68 رنز بناکر نمایاں رہے۔لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 206 رنز بنائے، جیسن رائے 75، سعود شکیل 74 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ کپتان رائیلی روسو 13، شیرفن ردرفورڈ20 اور محمد وسیم 4 رنز بناسکے، خواجہ نافع 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پشاور کی جانب سے سلمان ارشاد نے 3 وکٹیں حاصل کیں، لُوک ووڈ اور محمد ذیشان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا آغاز جارحانہ رہا، اوپنر بابر اعظم اور صائم ایوب کے درمیان 91 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔
پھر صائم ایوب 26 گیندوں پر 42 رنز بناکر بد قسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد محمد حارث 7، ٹام کوہلر18، پوویل 17اور موزلے نے 11 رنز بنائے۔زلمی کے کپتان بابر اعظم نے 42 گیندون پر 68 رنز کی اننگز کھیلی مگر وہ بھی وکٹ گنوا بیٹھے۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 190 رنز بناسکی اور یوں کوئٹہ نے میچ 16 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
