پی ایس ایل سیزن 6 میں حصہ لینے والے غیر ملکی کھلاڑی

کسی بھی لیگ کی کامیابی کو پرکھنے کا ایک پیمانہ یہ بھی ہے کہ اس میں کتنے غیر ملکی کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن میں پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ پانچ ممالک کے 30 سے زائد کھلاڑی کھیلیں گے۔ رواں سال پی ایس ایل کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے 15، جنوبی افریقہ کے سات، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے چار، چار اور افغانستان کے تین کھلاڑی شامل ہیں۔ جنوبی افریقہ کے بلے باز ڈیوڈ ملر رواں سیزن میں پہلی بار پاکستان سپر لیگ کھیلیں گے۔ وہ پشاور زلمی کی جانب سے پی ایس ایل میں اپنے کیریئر کا آغاز کریں گے جب کہ انگلینڈ کے لیونگ سٹون بھی پشاور زلمی میں ان کا ساتھ دیں گے۔ انگلینڈ کے روی بوپارہ اور ثاقب محمود جب کہ ویسٹ انڈیز کے شیرفین ردرفورڈ بھی پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان ہونے والے تبادلے کے بعد انگلینڈ کے دھواں دار اوپننگ بیٹسمین ایلکس ہیلز پی ایس ایل میں ایک بار پھر اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔ الیکس ہیلز کے علاوہ انگلینڈ کے کرس جارڈن، لیوس گراگری، فل سالٹ اور ریس ٹاپلے بھی یونائیٹڈ کی ٹیم میں شامل ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی سِکسر مشین کرس گیل ایک بار پھر پاکستان سپر لیگ میں اپنے بلے بازی کے جوہر دکھائیں گے۔ اس بار بائیں ہاتھ کے بلے باز کوئٹہ گلیڈیٹرز کی نمائندگی کریں گے۔ اس سے قبل کرس گیل لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی نمائندگی کر چکے ہیں لیکن دنیا کی دیگر لیگز کے برعکس پی ایس ایل کے گیند باز ’گیل اسٹورم‘ کی زد میں نہیں آئے۔ جنوبی افریقہ کے کیمرون ڈیلپورٹ بھی پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں کوئٹہ گلیڈیٹرز کی نمائندگی کریں گے۔ ڈیلپورٹ اس سے قبل لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے بین کٹنگ، جنوبی افریقہ کے ڈیل اسٹین، انگلینڈ کے ٹام بینٹن اور افغانستان کے قیس احمد کوئٹہ گلیڈیٹرز کا حصہ ہیں۔ جنوبی افریقہ کے دھواں دار بلے باز کولن انگرام پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں کراچی کنگز کے بنچ پر نظر آئیں گے۔ اس سے پہلے وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ کراچی کنگز میں ویسٹ انڈیز کے چیڈوک والٹن، آسٹریلیا کے ڈین کرسچن، انگلش کرکٹر جوائے کلارک اور افغانستان کے آل راونڈر محمد نبی شامل ہیں۔ آسٹریلیا کے بین ڈنک رواں سیزن میں بھی لاہور قلندرز کی ہی نمائندگی کرتے نظر آئیں گے۔ گزشتہ سیزن میں ڈنک کی عمدہ کارکردگی کی بدولت لاہور قلندرز نے تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی۔ بین ڈنک کے علاوہ جنوبی افریقہ کے آل راونڈر ڈیوڈ ویزے، انگلینڈ کے جوائے ڈینلی، سمت پٹیل، ٹام ایبل اور افغانستان کے راشد خان کی خدمات بھی قلندرز کو حاصل ہوں گی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ میں واحد سنچری اسکور کرنے والے آسٹریلین کرکٹر کرس لین رواں برس ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے۔ دائیں ہاتھ کے جارحانہ بلے باز نے گزشتہ سیزن میں سنچری اسکور کرکے لاہور قلندرز کو سیمی فائنل تک رسائی میں مدد کی تھی۔ ملتان سلطانز کو ان کے علاوہ انگلینڈ کے ایڈم لیتھ، ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ، جنوبی افریقہ کے عمران طاہر، انگلینڈ کے جیمز وینس اور جنوبی افریقہ کے ریلی روسو کی خدمات حاصل ہوں گی۔
