پی ایس ایل ٹکٹس: چیئرمین پی سی بی کے بیان پر قائمہ کمیٹی ارکان ناراض

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے اراکین کا کوئی حق نہیں کہ انہیں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میچز کے اعزازی پاسز دیئے جائيں۔ ہمیں نہیں چاہئیں آپ کے ٹکٹ، آپ اپنے الفاظ پر معافی مانگیں، ارکان کے احتجاج پر چیئرمین پی سی نے اپنےالفاظ پر معذرت کی
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس آغا حسن بلوچ کی زیرصدارت ہوا جس میں احسان مانی نے کہا کہ ارکان کمیٹی کو حق نہیں کہ انہیں پی ایس ایل کے اعزازی پاسز دیے جائیں۔ چیئرمین پی سی بی کے پی ایس ایل میچز کے پاسز کے بارے میں ریمارکس پر ارکان کمیٹی نے احتجاج کیا اور ارکان چیئرمین پی سی بی کی نشست کے قریب اکٹھے ہوگئے۔ ارکان نے کہا کہ ہم ایسے اجلاس نہیں چلنے دیں گے، ہمیں نہیں چاہئیں آپ کے ٹکٹ، آپ اپنے الفاظ پر معافی مانگیں۔
ارکان کے احتجاج پر چیئرمین پی سی نے اپنےالفاظ پر معذرت کی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا کہ مکمل پی ایس ایل پاکستان میں ہو رہی ہے، اگلے سال پشاور اور کوئٹہ میں بھی میچز کروانے کا پروگرام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ صرف پاکستان بھارت کا معاملہ نہیں، اس سے متعلق فیصلے کا فورم ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ ہے، ایشیاکپ کا میزبان پاکستان ہی ہے، ایشیا کپ ہمیں پاکستان کے باہر کرانا پڑے گا، ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان میں کرنے کی ضد کی تو بھارت نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ جو مرضی کہے ہمیں اس کی پروا نہیں، پاکستان کرکٹ بورڈ بھارت کے بغیر بھی زندہ رہ سکتا ہے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں بھارت کا اثر سب کے سامنے ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان لانے کیلئے ماضی میں فی کھلاڑی 25 ہزار ڈالرز ادا کیے، آج کسی غیر ملکی کھلاڑی کو پاکستان آنے پر اضافی قیمت ادا نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ پاکستان میں کرنا ایک بہت بڑا چیلنج تھا، ہمارے لیے چیلنج تھا کہ پاکستان میں 10 سال سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں ہو رہی تھی، ہماری کوشش ہے کہ اگلے سال پشاور میں بھی پی ایس ایل کا میچ کھیلا جائے، وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان سپر لیگ پوری طرح پاکستان میں لایا گیا۔ احسان مانی نے بتایا کہ ایشیا کپ کی میٹنگ کورونا وائرس کی وجہ سے ایک ماہ کے لیے تاخیر کا شکار ہوئی، بھارت کے ساتھ دوطرفہ سیریز ہوتی تو ضرور زور دیتا کہ بھارت پاکستان آکر کھیلے۔
انہوں نے کہا کہ منیجنگ ڈائریکٹر پی سی بی وسیم خان کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی طرف سے آفر تھی لیکن پاکستان کی محبت انہیں کھینچ لائی، وسیم خان اس عہدے پرکام کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، وسیم خان نے فرسٹ کلاس میں رنز کیے ہوئے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مستقبل میں منصوبہ ہے کہ مضبوط ایسوسی ایشنز بنائیں، دنیا بھر میں سوائے پی سی بی کے کوئی بورڈ اسٹیڈیم نہیں چلاتا، ہم چاہتے ہیں کہ ایسی ایسوسی ایشنز بنائیں اور اسٹیڈیم ان کے حوالے کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ٹکٹس کا ریوینیو فرنچائزز کا حق ہوتا ہے۔
