پی ایس ایل کیلئے 10لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ای) کے پانچویں ایڈیشن کےلیے 10لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کردیا گیا ہے اور ایونٹ کی فاتح ٹیم کو خوبصورت ٹرافی کے ہمراہ 5 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔
پی ایس ایل کے دوران مجموعی طور پر 10لاکھ ڈالرز(15کروڑ روپے سے زائد) کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔
ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 5لاکھ امریکی ڈالرز کے ساتھ ساتھ رنر اپ کو بھی دو لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایونٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا جائے گا اور ایونٹ میں کھیلے جانے والے 34 میچز میں ہر میچ کے مین آف دی میچ کو ساڑھے 4ہزار امریکی ڈالرز کا انعام دیا جائے گا۔
ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز، بہترین باؤلر اور اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ جیتنے والوں میں 80ہزار ڈالر کی رقم برابری کی بنیاد پر تقسیم کی جائے گی۔ باقی ماندہ انعامی رقم ٹورنامنٹ کے دوران بہترین کیچ، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کےلیے مقررہ انعامات کی مد میں تقسیم کی جائے گی۔ 34 میچز پر مشتمل 32 روز تک منعقد ہونے والا ایونٹ پاکستان سپر لیگ ایشیا کپ 2008 کے بعد پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ ہے۔
