پی سی بی کا قومی کرکٹ ٹیم کو دورہ انگلینڈ پر بھیجنے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے رواں سال مکمل سیریز کے لیے قومی ٹیم کو دورہ انگلینڈ پر بھیجنے کا اصولی فیصلہ کر لیا تاہم کسی بھی کھلاڑی کو دورے کے لیے مجبورنہیں کیا جائے گا۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کو دورہ انگلینڈ پر بھیجنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے اور کل اس بارے میں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے تفصیلی بریفنگ دی جس سے وہ مطمئن ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ آئندہ دونوں کپتانوں اظہر علی اور بابر اعظم کو دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بریفنگ دیں گے اور دورے کے لیے منتخب ہونے والے دیگر تمام کرکٹرز کو بھی مکمل تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
وسیم خان نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کے حوالے سے اصولی فیصلہ کیے جانے کے باوجود صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں گے اور کسی بھی کھلاڑی کو دورہ انگلینڈ پر جانے کے لیے مجبور نہیں کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کھلاڑی نہیں جانا چاہے گا تو پاکستان کرکٹ بورڈ اس کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لے گا اور دورہ انگلینڈ کے حوالے سے پہلے حکومت پاکستان سے بھی اجازت لیں گے۔پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے بتایا کہ کل جب انگلش کرکٹ بورڈ نے بریفنگ دی تو اس موقع پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق بھی موجود تھے اور وہ بھی مطمئن نظر آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ میری اطلاع کے مطابق تمام کرکٹرز انگلینڈ جاکر کھیلنے کے حق میں ہیں اور 25 پچیس کھلاڑیوں کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ بھیجنے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کھلاڑیوں کی صحت اور سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔وسیم خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں کرکٹ کی بحالی بہت ضروری ہے اور امید ظاہر کی کہ 2022 میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر کی کھیلوں کی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور رواں سال شیڈول کھیلوں کے بڑے بڑے مقابلے ملتوی یا منسوخ کردیے گئے ہیں۔اولمپکس، فرنچ اوپن، یورو کپ، فٹبال لیگز سمیت تمام مقابلوں کو غیرمعینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔دیگر کھیلوں کی طرح کرکٹ بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور دنیا بھر کی ٹیموں کے دورے اور سیریز منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ رواں سال شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کا انعقاد بھی مشکل نظر آتا ہے۔
قومی ٹیم نے رواں سال جولائی سے اگست تک تین ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے انگلینڈ کا دورہ کرنا ہے لیکن کورونا وائرس کے سبب اس سیریز کا انعقاد بھی مشکل نظر آتا تھا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں انگلینڈ دوسرے نمبر پر موجود ہے جہاں اب تک 34ہزار سے زائد افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 2لاکھ 38ہزار متاثر ہو چکے ہیں۔اس سے قبل کورونا وائرس کے سبب پاکستان کا دورہ آئرلینڈ اور نیدرلینڈز بھی منسوخ ہو چکا ہے۔
