پی ٹی آئی قائدین روضہ رسول واقعہ کی مذمت کریں

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا االلہ نے کہا ہے کہ کیا راشد شفیق پاکستان سے سعودی عرب یہ سب کروانے نہیں گئے تھے، جو لوگ برطانیہ سے آئے وہاں سب احتجاج صاحبزادہ جہانگیر نے کروائے تھے، مدینہ منورہ میں ایسے کلپس بھی موجود ہیں جہاں ان کے بندے لوگوں کو کھینچ رہے ہیں، اگر ہم یہ سب چیزیں سامنے لے کر آئیں تو پھر تو معاملہ مزید خراب ہوگا، میں پی ٹی آئی کے قائدین سے اپیل کرتا ہوں کے روضہ رسول والے واقعہ کی مذمت کریں۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاشیخ رشید کہتے ہیں مجھے جان سے مار دیا جائے گا، وہ خدا کا خوف کریں مجھ پر الزامات مت لگائیں، مجھے کیا ضرورت ہے کہ کچھ کروں، میرے خلاف تھانوں میں درخواستیں جمع کروانے سے کچھ نہیں ہوگا، حکومت عمران خان کے خلاف مقدمہ میں مدعی نہیں ہے، جس شخص کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی اس نے مقدمہ درج کروایا ہے، عمران خان اور ان کے ساتھیوں کے خلاف سینکڑوں درخواستیں تھانوں میں پڑی ہیں، جن کا پراسس چل رہا ہے،عمران خان یا شیخ رشید کی گرفتاری وزیراعظم شہباز شریف کے حکم کے بغیر نہیں ہو سکتی، یہ کہہ دیں کہ فرح خان نے عمران خان کی فرنٹ وومن کے طور پر کروڑوں روپیہ نہیں لوٹا، یہ لوگ فرح خاں کو واپس پاکستان لائیں، گارنٹی دیتا ہوں کہ فرح خان کو گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
انکا کہنا تھاپاکستان کی 74 سالہ تاریخ میں کوئی بدبخت ایسا نہیں آیا جس نے چاند رات کو بھی احتجاج کیا ہو، انہوں نے لوگوں کی چاند رات خراب کرنے کی کوشش کی ہے، عمران خان کی مقبولیت 2013 میں اب سے زیادہ تھی، کسی شہر میں بھی ان کی تعداد چند درجن سے زیادہ نہیں تھی، ان کے اپنے معاملات تھے جن پر ان کے اتحادیوں نے اور ان کے اپنے لوگوں نے ان کو چھوڑا، اب یہ لانگ مارچ کا کہہ رہے ہیں، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے لیے میں اسلام آباد میں استقبال کے لیے منتظر رہوں گا۔
رانا ثنا اللہ نےکہاپاکستان اس وقت مشکل حالات سے دوچار ہے،ایک فتنہ پرور آدمی اس ملک پر مسلط رہا، ایک نالائق اور نااہل ٹولے نے ملک کی اکانومی کا بیڑہ غرق کردیا، جب یہ حلقوں میں جائیں گے تو انہیں بتانا پڑے گا کہ مہنگائی اتنی کیوں بڑھی، ہم کوشش کریں گے کہ مہنگائی کو بھی نیچے لاسکیں، پچھلی حکومت نے کوئی منصوبہ بھی شروع نہیں کیا، ای وی ایم کا صرف پروپیگنڈا ہے، انہوں نے ای وی ایم پر کچھ کیا ہی نہیں، ای وی ایم تو کسی ضمنی الیکشن میں بھی استعمال نہیں ہوئی، اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا کوئی طریقہ وضع نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا اگلے ایک سال کے اندر الیکشن ہو رہے ہیں، الیکشن میں ن لیگ پنجاب سے کلین سویپ کرے گی، 6 تاریخ کو اٹک میں جلسہ ہوگا، اس کے بعد پنجاب اور کے پی کے میں جلسے کریں گے۔

Back to top button