پی ٹی آئی نے ملٹری اور جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ کو ریاست پر مسلط کیا، سعد رفیق
مسلم لیگ ن کےسینیئررہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی اقتدار کی ہوس نےپارلیمنٹ کوکمزور کرکے ملٹری اور جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ کو پھرسے جمہوریت اور ریاست پر مسلط کیا جب کہ آپ نےوفاق، پنجاب اور خیبرپخونخوا پر فاشسٹ،کرپٹ اور نااہل حکومتیں مسلط کیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ضمیر،اصول،آئین،قانون،انسانیت،تہذیب،شرافت اور جمہوریت کےفتوے دینے سے پہلے پی ٹی آئی اپنے داغدار دامن اور تار تار گریبان میں جھانکے۔انہوں نے کہا کہ آپ کی بداخلاقی نے اب آپ کےمخالفین میں بھی بدزبانی کےعذاب کو فروغ دےدیا ہے،اتنی جلدی کیسے بھول گئےکہ تمام ریاستی اداروں کو پی ٹی آئی نے اپنےمخالفین کےخلاف کس بے شرمی اور بےدردی سے بغلیں بجاتے ہوئے استعمال کیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ عمران نیازی اور ان کے سہولت کار جرنیلوں اور ججوں نےبھی سازش کرکے 2018کے عام انتخابات میں دن دھاڑے مسلم لیگ ن کو دیے گئےقوم کےمینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا۔سعد رفیق نے کہا کہ ممنوعہ فارن فنڈنگ کاحصول،ریاستی وسائل کی لوٹ مار،جھوٹے وعدے، سیاست چمکانے کےلیے مذہب کابے دریغ استعمال، قومی سلامتی سے بار بار کھلواڑ،معاشی بدحالی،مہنگائی،قرضوں کا انبار،ہر مدِمقابل کی جھوٹی کردار کشی پی ٹی آئی کا ٹریڈ مارک رہا ہے۔